اویس کیانی: پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے رہنما ہمایوں خان نے حکومت کے ساتھ مذاکرات ناکام ہونے کے بعد آج رات 12 بجے سے ملک گیر ہڑتال کا اعلان کر دیا جبکہ آل پاکستان پٹرول پمپ اونرز ایسوسی ایشن کے رہنماء نعمان علی بٹ نے بھی پٹرول پمپ بند رکھنے کی اپیل کی ہے۔
ہمایوں خان کا کہنا تھا کہ آج وفاقی وزیرِ پیٹرولیم سے مذاکرات ہوئے، تاہم ڈیلرز کے کمیشن اور ماہانہ بنیادوں پر قیمتوں کے تعین سمیت اہم مطالبات پر پیش رفت نہ ہو سکی۔ انہوں نے کہا کہ پیٹرول پمپ مالکان شدید مشکلات کا شکار ہیں، جبکہ ایک طرف اوگرا اور آئل مارکیٹنگ کمپنیاں (او ایم سیز) اور دوسری جانب حکومت کے فیصلوں نے مسائل مزید بڑھا دیے ہیں۔
انہوں نے روزانہ قیمتوں کے تعین کے نظام کو "آدھا تیتر آدھا بٹیر" قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہی ہے اور کاروباری طبقے کے مسائل حل کرنے میں سنجیدہ نہیں۔
ہمایوں خان نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پالیسی سازی کے دوران ڈیلرز سے مشاورت نہیں کی جاتی، جس کے باعث پیٹرول پمپ مالکان نے آج رات 12 بجے سے ملک بھر میں ہڑتال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
آل پاکستان پٹرول پمپ اونرز ایسوسی ایشن کے رہنماء نعمان علی بٹ نے بھی 22 جولائی رات 12 بجے سے ملک بھر کے تمام پٹرول پمپ بند رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ مطالبات منظور ہونے اور حکومت کے مثبت اور قابلِ قبول فیصلے تک پٹرول پمپ بند رہیں گے۔
واضح رہے کہ مرکزی رہنما آل پاکستان پیٹرولیم ریٹیلرز ایسوسی ایشن نے بھی ہڑتال کی حمایت کا باضابطہ اعلان کیا ہے ۔