سٹی 42: پنجاب میں جاری بارشوں کے باعث مختلف شہروں میں حادثات پیش آئے، جہاں پاکپتن میں مکان کی چھت گرنے سے دو معصوم بہن بھائی جاں بحق جبکہ ان کی والدہ شدید زخمی ہوگئیں، جبکہ گوجرانوالہ میں بھی کچے مکان کی چھت منہدم ہونے سے تین افراد زخمی ہو گئے۔
پاکپتن کے گاؤں 33 ایس پی کے قریب چک دھاونہ میں بارش کے باعث رہائشی مکان کی چھت اچانک گر گئی۔ ملبے تلے دب کر 9 سالہ نور فاطمہ اور 7 سالہ عثمان موقع پر ہی جان کی بازی ہار گئے، جبکہ ان کی والدہ نسرین بی بی شدید زخمی ہو گئیں۔
اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیم موقع پر پہنچی اور امدادی کارروائی کرتے ہوئے بچوں کی لاشیں اور زخمی خاتون کو ملبے سے نکال کر اسپتال منتقل کیا، جہاں خاتون کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال پاکپتن میں علاج فراہم کیا جا رہا ہے۔
دوسری جانب گوجرانوالہ کی ظہیر کالونی میں مسلسل بارش کے باعث لکڑی اور مٹی سے بنے ایک کچے مکان کی کمزور چھت اچانک منہدم ہو گئی، جس کے نتیجے میں تین افراد زخمی ہوگئے۔
ریسکیو حکام کے مطابق زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کرنے کے بعد ڈی ایچ کیو اسپتال گوجرانوالہ منتقل کر دیا گیا۔