ویب ڈیسک: سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض سے تعلق رکھنے والی ایک سعودی طبی ٹیم نے ملکی سطح پر جدہ کے ایک مریض کی پہلی روبوٹک ٹیلی سرجری کی ہے۔ یہ ملک میں صحت کی دیکھ بھال کو بہتر بنانے کیلئے روبوٹک سرجری کی ٹیکنالوجیز کی موجودگی کو بڑھانے کی طرف ایک نمایاں تبدیلی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق سعودی وزارت نیشنل گارڈز کے ہیلتھ افیئرز کے اعلان میں بتایا گیا ہے کہ جدہ کے کنگ عبدالعزیز میڈیکل سٹی میں ایک مریض پر سعودی عرب کی سطح پر پہلی دور دراز روبوٹک سرجری یاٹیلی سرجری کے کامیاب انعقاد کیا گیا۔اس سرجری میں ایک سرجیکل روبوٹ استعمال کیا گیا جسے ریاض کے کنگ عبدالعزیز میڈیکل سٹی کی ایک طبی ٹیم نے کنٹرول کیا۔ اس سرجری کو ایک ایسا کارنامہ قرار دیا گیا ہے جو جدہ اور ریاض دونوں شہروں میں یورولوجی اور کڈنی سرجری کے شعبوں کی جراحی ٹیموں کے درمیان یکجہتی کی عکاسی کرتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق یہ آپریشن’ سیج بوٹ کانگ ڈوؤ‘پلیٹ فارم کا استعمال کرتے ہوئے کیا گیا کیونکہ ریاض میں جراحی کی ٹیم نے روبوٹک سرجری کی ٹیکنالوجیز اور جدید مواصلاتی نظام سے فائدہ اٹھاتے ہوئے جدہ میں موجود مریض کا آپریشن کیا۔ یہ واقعہ مریضوں کو منتقل کرنے کی ضرورت کے بغیر شہروں کے درمیان خصوصی جراحی آپریشن کرنے کے مستقبل کے افق کو وسیع کر رہا ہے۔ سعودی عرب میں پہلی ٹیلی سرجری کا انعقاد صحت کی دیکھ بھال کے معیار کو بہتر بنانے اور مریض کی تکلیف کو کم کرنے کی طرف ایک نیا طبی رجحان ہے۔اس طرح سعودی عرب ’ڈا ونسی‘،’روزا‘ اور ’کوری‘ جیسے جدید روبوٹک سسٹمز کے استعمال کے ذریعے جراحی کے آپریشنز کرنے میں بھی واضح توسیع کی طرف بڑھ رہا ہے۔