سکولوں کیلئے لائبریریز، کتب کی خریداری میں کروڑوں کے گھپلے

سکولوں کیلئے لائبریریز، کتب کی خریداری میں کروڑوں کے گھپلے
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

لوئر مال (اکمل سومرو) سرکاری سکولوں کیلئے 2 کروڑ 50 لاکھ پاؤنڈز مالیت کے پراجیکٹ میں گھپلے، کتابوں کی خریداری کیلئے ہائیر کی جانے والی کنسلٹینسی فرم وڈیو پروڈکشن ہاؤس نکلا، کنسلٹینسی فرم نے اپنے ہی پارٹنر کی کتابوں کو سکولوں کی لائبریری کیلئے منتخب کر لیا۔

پنجاب کے گیارہ اضلاع کے 440 سرکاری سکولوں کیلئے کتابوں کی خریداری میں نوازشات کی جا رہی ہیں، ویڈیو پروڈکشن کمپنی کو کتابیں اور سکولز کے انتخاب کیلئے بطور کنسلٹسی فرم ٹینڈر ایوارڈز کرنے کا انکشاف ہوا ہے، 2016ء میں قائم ہونے والی وڈیو پروڈکشن کمپنی کوارکس کو کنسلٹسی فرم کے طور پر ہائیر کیا گیا اور اس فرم کو کتابیں منتخب کرنے کا ٹھیکہ دیا گیا، فرم کو اختیار سونپ دیا گیا کہ وہ پنجاب کے سرکاری سکولوں کی لائبریریز کیلئے کتابوں کا انتخاب کرے۔

  محکمہ سکولز اور پی ایم آئی یو کی ملی بھگت سے کوارکس کنسلٹسی فرم نے اپنے ہی پارٹنر بک سیلر پیراماؤنٹ کی10 کروڑ روپے سے زائد مالیت کی انگریزی کتب منظور کرا لی، انگریزی کی یہ کتب مڈل اور میٹرک کے طلبا کیلئے موزوں ہی نہیں ہیں، کتابیں منتخب کرنے کیلئے پبلشرز سے فہرستیں تک طلب نہیں کی گئیں بلکہ کمپنی کو ہی کتابوں کی سلیکشن کا اختیار دیا گیا۔

اس کمپنی سے متعلق ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا کہ کوارکس فرم نے پیراماؤنٹ بک سیلر کے ساتھ پنجاب کریکولم اینڈ ٹیکسٹ بک بورڈ میں جوائنٹ ٹینڈرز جمع کرائے، صوبے کے سرکاری سکولوں کیلئے ارلی چائلڈ ہڈ بکس کے پراجیکٹ میں 3 جون 2020ء کو کوارکس نے پیراماؤنٹ کے ساتھ مل کر ٹیکسٹ بک بورڈ میں بڈز جمع کرائی۔

  پی ایم آئی یو کی دستاویز کے مطابق کوارکس فرم کی تیار کردہ کتابوں کی فہرست وزیر سکولز ایجوکیشن ڈاکٹر مراد راس کی زیر صدارت اجلاس میں منظور کی گئی اور وزیر ڈاکٹر مراد راس کی زیر صدارت اجلاس میں ہی کوارکس کمپنی کو ٹینڈر دینے کی منظوری ہوئی، کوارکس کنسلٹیںسی فرم کو 5 دسمبر 2019ء میں کتابوں کی خریداری کیلئے ٹینڈر ایوارڈ کیا گیا اور کوارکس کمپنی کی منتخب کردہ کتابوں کی فہرست جانچ پڑتال کرنے کی بجائے کاغذی کارروائی کیلئے لائبریرینز سے کتب کی تصدیق کرائی گئی۔

 برطانیہ کے ادارے ڈیفیڈ نے پنجاب حکومت کو 3 کروڑ 50 لاکھ پاؤنڈز کی گرانٹ دی ہے، مذکورہ گرانٹ سے 43 کروڑ 20 لاکھ روپے سرکاری سکولوں کی لائبریری فرنیچر اور کتابوں کیلئے مختص ہیں،کوارکس کنسلٹیںسی فرم نے اردو کیلئے دو پبلشرز کی 372 کتابیں اور پندرہ پبلشرز کی 31 کتابیں منتخب کیں، وزیر سکولز ڈاکٹر مراد راس کوارکس کنسلٹیںسی فرم کیخلاف کارروائی کرنے سے گریزاں ہیں جبکہ ان کی جانب سے کوئی موقف بھی نہیں دیا جا رہا۔

 دوسری جانب پبلشرز نے وزیر اعلیٰ پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ کتابوں کی خریداری کے علاوہ سکولوں کے فرنیچر، لائبریری کی الماریوں اور رنگ روغن کے ٹھیکوں کی بھی تحقیقات کی جائیں۔ پبلشرز نے وزیر اعلیٰ سے اپیل کی ہے کہ اس پراجیکٹ کے ابتدائی ٹینڈرز کو منسوخ کر کے شفاف تحقیقات کرائی جائیں اور پراسیس کو از سر نو شروع کیا جائے

Sughra Afzal

Content Writer