(ویب ڈیسک)سپین میں ٹرین حادثات کا سلسلہ تھم نہ سکا، بارسلونا کے قریب ایک مسافر ٹرین پٹڑی سے اتر گئی، جس کے نتیجے میں ٹرین ڈرائیور ہلاک اور متعدد مسافر زخمی ہو گئے۔
یہ واقعہ محض 2 روز قبل جنوبی سپین میں پیش آنے والے ہولناک ٹرین تصادم کے بعد پیش آیا ہے، جس میں درجنوں افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے۔
ہسپانوی ایمرجنسی سروسز کے مطابق گذشتہ روز بارسلونا کے نواحی علاقے میں ایک کموٹر ٹرین اس وقت پٹڑی سے اتر گئی جب بارشوں کے باعث ایک حفاظتی دیوار منہدم ہو کر ریل کی پٹری پر آ گری۔
حادثے میں ٹرین ڈرائیور موقع پر ہی ہلاک ہو گیا، جبکہ ٹرین میں سوار تمام 37 مسافر زخمی ہوئے، جن میں سے 2 کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
یہ حادثہ سانت سادورنی دانویا اور جیلیدا سٹیشنوں کے درمیان پیش آیا، جو بارسلونا سے تقریباً 35 منٹ کے فاصلے پر واقع ہے۔
مقامی میڈیا کے مطابق حالیہ شدید بارشوں کے باعث کاتالونیا کے متعدد ریلوے روٹس پہلے ہی بند کیے جا چکے تھے۔
کاتالونیا کے قائم مقام صدر البرٹ دالماؤ میرانڈا نے کہا ہے کہ متاثرین کی حفاظت اور امداد کے لیے تمام ضروری وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ دیوار کا گرنا حالیہ بارشوں کے سبب انفراسٹرکچر کی کمزوری کا نتیجہ تھا۔
واضح رہے کہ اس حادثے سے 2 روز قبل سپین کے جنوبی صوبے کوردوبا کے علاقے آدموز کے قریب 2 تیز رفتار ٹرینوں کے درمیان تصادم ہوا تھا، جس میں کم از کم 42 افراد ہلاک ہو گئے تھے، جبکہ ایک شخص تاحال لاپتا ہے۔
حکام کے مطابق اس واقعے میں تخریب کاری کے شواہد نہیں ملے، اور تحقیقات ریل کی پٹری میں ممکنہ تکنیکی خرابی اور ویلڈنگ کے بگاڑ پر مرکوز ہیں۔
اسپین میں حالیہ ٹرین حادثات نے ریلوے نظام کی حفاظت اور انفراسٹرکچر کی حالت پر سنگین سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔