ویب ڈیسک : محکمہ موسمیات، این ڈی ایم اے کی طرف سے جمعہ کی رات سے پیر کی صبح تک مری میں شدید برفباری کی پیشنگوئی,سی ٹی او راولپنڈی وسیم ریاض نے سیاحوں کی حفاظت اور سہولت کے لئے خصوصی انتظامات مکمل کرلیے۔
محکمہ موسمیات، این ڈی ایم اے کی طرف سے جمعہ کی رات سے پیر کی صبح تک مری میں شدید برفباری کی پیشنگوئی, سی ٹی او راولپنڈی وسیم ریاض کیطرف سے سیاحوں کی حفاظت اور سہولت کے لئے خصوصی انتظامات مکمل کرلیے گئے۔سی ٹی او راولپنڈی کا کہنا تھا کہ سیاحوں کی سہولت کے لئے ٹریفک و ضلعی پولیس کی اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے، مری میں ضلعی انتظامیہ کے حکم پر آٹھ ہزار سے زائد گاڑیوں کو داخلے کی اجازت نہیں ہو گی، شام 5 بجے سے صبح 5 بجے تک سیاحوں کے داخلہ پر مکمل پابندی ہوگی۔
چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی کامزیدکہنا تھا کہ مری کے ٹول پلازہ اور داخلی راستوں پر خصوصی چیکنگ و آگاہی پکٹس قائم کی گئیں جہاں سےسیاحوں میں آگاہی پمفلٹ بھی تقسیم کیے جا رہے ہیں۔ مکینکلی فٹ گاڑی اور لائسنس ہولڈر ڈرائیورز کو ہی مری جانے کی اجازت دی جائے گی، مری آنے والے سیاح موسم کی شدت اور رش کی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے سفرکا انتخاب کریں، انہوں نے بتایاکہ سخت سردی کے پیش نظر گاڑی میں اضافی گرم کپڑے اور کھانے پینے کی اشیاء ضرور رکھیں، گاڑی میں ہیٹر کے استعمال کی صورت میں گاڑی کے شیشوں کو مکمل طور پر بند کرنے سے کاربن مونو آکسائیڈ پیدا ہوتی ہے، دوران برفباری گاڑی خراب ہونے یا برف میں پھنسنے کی صورت میں گاڑی میں رات گزارنے سے اجتناب کریں۔
سی ٹی او راولپنڈی کاکہنا تھا کہ دوران برفباری سلپری روڈ ہونے کے باعث گاڑیوں کے ٹائروں پر چین کا استعمال کریں، روڈ سے برف ہٹانے والی مشینوں کو فوری راستہ دیں تا کہ روڈ سے برف ہٹا کر راستہ بنایا جا سکے، مری میں تقریبا 3500 گاڑیوں کی پارکنگ کی گنجائش ہے۔ سیاحوں کی سہولت کے لیے اضافی گاڑیوں کو سنگل سائیڈ پر پارک کروایا جاتا ہے،برفباری کے دوران روڈ کے دونوں اطراف پر برف ہونے کی وجہ سے روڈ کے سائیڈ پر گاڑی کھڑی کرنے سے گریز کریں۔
چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی کا کہنا تھا کہ مری آتے وقت اپنی گاڑی کا فیول ٹینک فل رکھیں، مری کی سڑکوں پر دوطرفہ ٹریفک چلتی ہے، لہذا ڈبل لائن ہر گز نہ بنائیں، اپنے سفر کو محفوظ بنانے کےلئے ون وے کی خلاف ورزی اور غلط اوور ٹیکنگ سے گریز کریں۔شاہراہوں پر کھڑے ٹریفک و ضلعی پولیس اہلکار آپ کی سہولت کے لئے ہیں ان کے ساتھ تعاون کریں، دوران سفر کسی قسم کی ٹریفک پرابلم ہونے کی صورت میں ہیلپ لائن 0519269200 یا 03097770598 پر رابطہ کریں۔