راؤ دلشاد: حکومتِ پنجاب نے صوبے کے 52 شہروں میں اربن ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت بڑے پیمانے پر ترقیاتی اسکیمیں مکمل کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ سوہنا پنجاب پروگرام کے تحت 51 شہروں کے منصوبوں کی باقاعدہ منظوری دے دی گئی ہے۔
سرکاری دستاویزات کے مطابق منظور شدہ منصوبوں کی مجموعی مالیت 302 ارب روپے ہے، جبکہ پروگرام کی کل تخمینہ لاگت 304 ارب روپے مقرر کی گئی ہے۔
پروگرام کے تحت پنجاب بھر میں 5397 کلومیٹر نئی سیوریج لائن بچھائی جائے گی، جبکہ 181 کلومیٹر اسٹارم واٹر ڈرینز تعمیر کی جائیں گی۔ اس کے علاوہ ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹس کی استعداد 323 ایم جی ڈی تک بڑھانے کا منصوبہ بھی شامل ہے۔
مزید برآں 33 ہزار سے زائد مین ہول کورز نصب کیے جائیں گے اور صفائی کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے 308 جدید سکشن جیٹنگ مشینیں فراہم کی جائیں گی۔
سوہنا پنجاب پروگرام میں 67 واٹر سپلائی اسکیمیں شامل کی گئی ہیں تاکہ شہریوں کو صاف پانی کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔
پروگرام کے تحت 6100 کلومیٹر سڑکیں اور اسٹریٹ پیومنٹس تعمیر کیے جائیں گے۔ منصوبے میں پارکس، اسٹریٹ لائٹس اور دیگر شہری سہولیات کی بہتری بھی شامل ہے۔
اس حوالے سے 11 شہروں میں ٹینڈرز جاری کر دیے گئے ہیں اور ترقیاتی کاموں کا آغاز ہو چکا ہے، جبکہ 17 شہروں میں مالیاتی جائزہ مکمل کر کے کنٹریکٹرز کو متحرک کر دیا گیا ہے۔ مزید 10 شہروں میں عملی طور پر کام شروع ہو چکا ہے اور 13 شہروں میں مالیاتی بولی کا عمل جاری ہے۔