(زاہد چودھری) پنجاب پبلک سروس کمیشن کا انوکھا کارنامہ، ایسوسی ایٹ پروفیسر آف آرتھوپیڈک سرجری کی سیٹ پر من پسند امیدوار کو نوازنے کیلئے انٹرویو پینل ہی تبدیل کر دیا۔
پنجاب پبلک سروس کمیشن ( پی پی ایس سی) کے تحت ایسوسی ایٹ پروفیسر آف آرتھوپیڈک سرجری کی 2 خالی آسامیوں پر بھرتی ہو رہی ہے، پبلک سروس کمیشن نے انٹرویو پینل میں پروفیسر ڈاکٹر فیصل مشتاق اور پروفیسر ڈاکٹر حنیف کو شامل کیا تھا۔
ذرائع کے مطابق ایک امیدوار کی سلیکشن کو یقینی بنانے کیلئے جب پینل میں شامل ڈاکٹرز سے رابطہ کیا گیا، تو انہوں نے ایسا کرنے سے معذرت کر لی، جس پر پی پی ایس سی نے رات گئے دونوں پروفیسرز کے نام پینل سے نکالنے کے بعد پروفیسر ڈاکٹر طارق سہیل اور ڈاکٹر ابوبکر کو شامل کرلیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ انٹرویو پینل تبدیل ہونے کے بعد من پسند امیدوار کے ایسوسی ایٹ پروفیسر کی سیٹ پر کامیابی کے امکانات روشن ہوگئے ہیں، پینل سے اچانک نام نکالنے کے واقعہ پر متاثرہ پروفیسرز نے چیئرمین پبلک سروس کمیشن کو آگاہ کر دیا۔
یاد رہےکہ پنجاب پبلک سروس کمیشن صوبہ پنجاب کا ایک آئینی ادارہ ہے، اس ادارے کا اہم مقصد پنجاب کے مختلف محکموں کی اہم آسامیوں کو پُر کرنے کے لیے امیدواران کے انٹرویوز کر نا اور پھر کمشن کی طرف سے ہر آسامی کے لیے موزوں امیدواران کی سفارشات مختلف محکمہ جات کو بھیجنا ہے۔