ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

حکومت نے مجالس وجلوسوں کیلئے شرائط جاری کردیں

حکومت نے مجالس وجلوسوں کیلئے شرائط جاری کردیں
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

( زاہد چوہدری ) پنجاب حکومت نے محرم الحرام میں کورونا سے بچاؤ کیلئے ایس او پیز جاری کر دیئے، مجالس اور جلوسوں میں شریک عزاداروں کیلئے ماسک پہننا اور ذاکرین کیلئے کورونا ٹیسٹ منفی ہونا لازمی قرار دیدیا گیا۔

سیکرٹری پرائمری ہیلتھ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق محرم الحرام کی مجالس اور جلوسوں سے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے ایس او پیز پر سختی سے عمل کروایا جائے گا۔ ایس او پیز کے مطابق مجالس اور جلوسوں کے شرکاء کسی بھی چیز بالخصوص سبیلوں میں استعمال ہونے والے برتن، ٹرالی، دروازوں اور دیگر اشیاء کو چھونے کے بعد ہاتھ اچھی طرح دھوئیں۔ 

دوران مجالس ہاتھ دھونے کا انتظام، سینی ٹائزر، ٹشو اور کوڑے دان کا ہونا لازم ہوگا۔ مجالس میں صرف ان ذاکرین کو بیان کی اجازت ہوگی جن کا کورونا ٹیسٹ منفی ہو۔ ضلعی انتظامیہ ذاکرین کے کورونا وائرس کے مفت ٹیسٹ کا انتظام کرے گی۔ مجالس کے منتظمین گنجائش سے 50 فیصد کم عزاداروں کو ہال میں بٹھائیں۔

 ایس او پیز کے مطابق مجالس کا دورانیہ 1 گھنٹے تک محدود رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ہر مجلس کے بعد صفائی ستھرائی، احاطے کی ڈس انفیکشن کا خصوصی خیال رکھا جا ئے۔ ماتم اور زنجیر زنی کے لئے استعمال ہونے والی اشیاء کا مشترکہ استعمال ہرگز نہ کریں۔ ایئرکنڈیشنڈ ہالز میں مجالس کا اہتمام کرنے کی ہرگز اجازت نہیں ہوگی۔

داخلی مقامات پر عزاداروں کا تھرمل سکینر سے ٹمپریچر چیک کیا جائے گا۔ ایس او پیز کے تحت مجالس انتظامیہ اور ذاکرین حضرات ہر مجلس کے ابتدائی 5 منٹ کورونا وائرس سے بچاؤ سے متعلق احتیاطی تدابیر سے عزاداروں کو آگاہ کریں گے۔