جنید ریاض:لاہور کے سرکاری تعلیمی اداروں میں طلبہ کی ذہنی صحت اور نفسیاتی بہبود کے لیے نئے پروگرام کی اجازت دے دی گئی ہے۔
ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی لاہور نے اس حوالے سے سائیکولوجی ڈویلپمنٹ پروگرام کی منظوری دے دی ہے، جس کا مقصد طلبہ میں ذہنی مضبوطی اور مثبت رویوں کو فروغ دینا ہے۔
یہ پروگرام خاص طور پر نویں اور دسویں جماعت کے طلبہ کے لیے شروع کیا جا رہا ہے، جس میں ریزیلینس (مشکلات کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت)، پرسنل سیفٹی اور کیریئر گائیڈنس جیسے اہم موضوعات شامل ہوں گے۔
پروگرام کے سیشنز کی قیادت ماہرین سماویہ بٹ اور دایان ظفر کریں گے، جبکہ انٹرن ٹرینرز بھی اس میں معاونت فراہم کریں گے۔
تعلیمی حکام نے تمام سکول انتظامیہ کو پروگرام کے مؤثر نفاذ کے لیے مکمل تعاون کی ہدایت جاری کر دی ہے۔ پروگرام کو باقاعدہ منظوری کے بعد مرحلہ وار شروع کیا جائے گا۔