ویب ڈیسک:چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے سیکیورٹی خدشات کے باوجود ہر صورت مینار پاکستان جلسے میں جانے کا اعلان کر دیا۔
سوشل میڈیا پر لوگوں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چاہے جو بھی خطرہ ہو ہر حال میں جلسے میں جاؤں گا، مینار پاکستان کا جلسہ ایک تاریخی جلسہ ہوگا،گھبرانے کی ضرورت نہیں۔
عمران خان نے کہا کہ میں نے 26 سال مافیا کے خلاف جدوجہد کی، 2 خاندان پاکستان پر بادشاہت کررہے ہیں، تبدیلی کے لیے محنت کی تو کرپٹ ٹولہ ایک ساتھ ہو گیا۔
انہوں نے کہا کہ تبدیلی کے لیے سسٹم کو تبدیل کرنا انتہائی ضروری ہوتا ہے،مجھے معلوم تھا یہ سب ایک دن اکٹھے ہوجائیں گے، شوگر اور کرپٹ مافیا سب ایک ہو گئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم نے جلسےکے لیے فنڈ جمع کرنے کی مہم چلائی، چند دنوں میں 20 کروڑ روپے سے زائد رقم جمع ہو چکی ہے، اگرفارن فنڈنگ کیس تمام جماعتوں کیخلاف چلے تو تحریک انصاف سرخرو ہو گی۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ الیکشن کمشنر تحریک انصاف کے مخالف ہے، ہمارے سسٹم میں بیٹھے غداروں نے بیرونی قوتوں کی بھرپور مدد کی، آج ایسے لوگ مسلط کیے گئے ہیں جو صرف اور صرف کرپشن میں ملوث ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پہلی بار قوم کو احساس ہوا ہے کہ بیرونی طاقت کے ذریعے حکومت تبدیل کی گئی۔
ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں ہونے والی غلطیاں اب نہیں کریں گے، پرویز مشرف نے نوازشریف اور زرداری کو این آر او دے کر بہت بڑی غلطی کی،اگر اب نواز شریف کو دوسری بار این آر او ملا تو ملک کیلئے بہت خطرناک ہو گا اور یہ ہم کسی بھی صورت برداشت نہیں کریں گے۔