سرکاری محکموں کے تعمیرات سے متعلق شعبے کھولنے کا فیصلہ

سرکاری محکموں کے تعمیرات سے متعلق شعبے کھولنے کا فیصلہ
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(قیصر کھوکھر) کنسٹرکشن انڈسٹری کی سہولت کے پیش نظر لاہور میں ایل ڈی اے کے علاوہ اضلاع میں سرکاری محکموں کے تعمیرات سے متعلق شعبوں کو ضروری سٹاف کیساتھ کھولنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔

چیف سیکرٹری پنجاب میجر (ر) اعظم سلیمان خان کی زیر صدارت اجلاس ہوا، اجلاس میں سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ نبیل اعوان، سیکرٹری پرائمری ہیلتھ کیپٹن (ر) محمد عثمان، کمشنر لاہور سیف انجم، سی سی پی او لاہور ذوالفقار حمید اور متعلقہ افسران نے شرکت کی، جبکہ ڈویژنل کمشنرز اور آر پی اوز ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔

چیف سیکرٹری نے کہا کہ کنسٹرکشن سے متعلقہ شعبے کھولنے سے تعمیرات کے کاروبار سے وابستہ افراد کو نقشے پاس کروانے اور دیگر ضروری سروسز کی فراہمی ممکن ہو سکے گی۔

چیف سیکرٹری نے تعمیراتی شعبے سے وابستہ افراد کی سہولت کیلئے محکمہ ریونیو کے فرد ملکیت اور جائیداد کی منتقلی سمیت مخصوص شعبوں کو 4 یا 5 گھنٹے کھولنے کی بھی ہدایت کی۔

انہوں نے کہا کہ کھولے جانیوالے شعبوں میں کورونا وائر س سے بچاؤ سے متعلق ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔

واضح رہے کہ  چین کے صوبے ووہان سے جنم لینے والی خطرناک بیماری کورونا پاکستان میں تیزی سے پھیل رہی ہے، ملک میں مہلک وبا سے اب تک  189 افراد ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ 9130 افراد  کورونا وائرس کا شکار ہوگئے ہیں۔

14 اپریل کو وزیراعظم نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ سے بچاؤ اور احتیاطی تدابیر کے تحت لاہور سمیت پنجاب بھر میں جاری لاک ڈاؤن میں  30 اپریل تک توسیع کرتے ہوئے تعمیرات سمیت کئی صنعتوں  کو کھولنے کا اعلان کیا تھا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان کے کمزور طبقے کو کورونا وائرس سے معاشی خطرات لاحق ہیں، مزدور طبقے کے لیے امدادی پیکج  اور صنعتیں  کھولنے کا اعلان کیا گیا، کارخانوں میں کام کرنے والے محنت کشوں اور ورکرز کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے گا۔

لاہور میں آج لاک ڈاؤن کا 29 واں روز ہے،  تمام  شاپنگ مالز، مارکیٹیں، تعلیمی ادارے، سینما گھر، شادی ہالز،  سیاحتی مقامات اور پارکس بند ہیں، پبلک ٹرانسپورٹ ،ریلوے کا پہیہ جام ہے،کھیلوں کے میدانوں پر تالے لگے ہیں۔

Sughra Afzal

Content Writer