مریم مظہر : ایکسپو سنٹر لاہور میں جاری پاکستان انٹرنیشنل آٹو شو 2026 کا تیسرا اور آخری روز جاری ہے، وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔
احسن اقبال نے آٹو شو میں مختلف اسٹالز کا دورہ کیا اور جدید گاڑیوں، آٹو پارٹس اور نئی ٹیکنالوجی کا جائزہ لیا۔
پاکستان انٹرنیشنل آٹو شو 2026 میں ملکی و غیر ملکی کمپنیوں نے بھرپور شرکت کی، جبکہ 150 کمپنیوں کی مصنوعات نمائش کے لیے پیش کی گئی ہیں۔
ایکسپو سنٹر کے چار ہالز میں جدید گاڑیوں اور آٹو پارٹس کی نمائش جاری ہے، جبکہ الیکٹرک اور سیمی الیکٹرک گاڑیوں کے جدید ماڈلز شرکا کی خصوصی توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں۔
آٹو شو میں آٹو موبائل انڈسٹری سے وابستہ کاروباری افراد، صنعت کاروں، ماہرین اور شہریوں کی بڑی تعداد بھی شریک ہے، جہاں انہیں گاڑیوں اور آٹو ٹیکنالوجی میں ہونے والی تازہ پیش رفت کا جائزہ لینے کا موقع مل رہا ہے۔