ویب ڈیسک : وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ عالمی کشیدہ صورتحال کے باعث عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ جاری ہے، جبکہ کشیدگی کے باعث عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں اور سپلائی پر بھی اثر پڑ رہا ہے۔
وفاقی وزیر پٹرولیم نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں پٹرولیم مصنوعات کی دستیابی یقینی بنانے کے لیے اقدامات جاری ہیں، موجودہ بحران کے تناظر میں تیل کی قیمتوں اور دستیابی کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔انہوں نےکہاکہ عوام کے لیے تیل سستا کرنا میری ذمہ داری ہے،فرانس میں تیل نایاب ہوچکا ہے،وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں ذمہ دارحکومت کی حیثیت سے عوام کو تیل کی فراہمی یقینی بنائی ہے۔
علی پرویز ملک نے کہا کہ شعبہ توانائی میں تمام فیصلے قومی مفاد اور ملکی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے کیے جا رہے ہیں، ان کے مطابق عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں 90 فیصد اضافہ ہوا، جبکہ پاکستان میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 50 فیصد اضافہ کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ حکومت کو عوام کی مشکلات کا احساس ہے اور موجودہ صورتحال میں عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔