ثمرہ فاطمہ:محکمہ جنگلی حیات نے وائلڈ لائف کرائمز کے خلاف کارروائیوں میں تیزی لاتے ہوئے فروری 2024 سے اب تک 13 ہزار 730 مقدمات رجسٹرڈ کیے ہیں۔
محکمہ جنگلی حیات کے مطابق وائلڈ لائف کرائمز میں ملوث ایک ہزار 507 ملزمان کے خلاف ایف آئی آرز درج کی گئیں، جبکہ 12 ہزار 784 مقدمات میں مجموعی طور پر 22 کروڑ 98 لاکھ 79 ہزار 331 روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔
اعداد و شمار کے مطابق سینٹرل زون میں وائلڈ لائف کرائمز کے 5 ہزار 243 مقدمات رجسٹرڈ ہوئے اور 691 ملزمان کے خلاف ایف آئی آرز درج کی گئیں۔ سینٹرل زون میں 5 کروڑ 58 لاکھ 87 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔
نارتھ زون میں وائلڈ لائف کرائمز کے 5 ہزار 344 مقدمات درج ہوئے، جبکہ 147 سنگین نوعیت کے جرائم پر ایف آئی آرز درج کی گئیں۔ نارتھ زون میں مجموعی طور پر 10 کروڑ 88 لاکھ 90 ہزار 670 روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔
ساؤتھ زون میں وائلڈ لائف کرائمز کے 3 ہزار 143 مقدمات رجسٹرڈ ہوئے اور 669 ملزمان کے خلاف ایف آئی آرز درج کی گئیں۔ ساؤتھ زون میں 6 کروڑ 51 لاکھ 756 روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔
محکمہ جنگلی حیات کے مطابق رواں موسمِ شکار کے دوران 15 ستمبر تک غیر قانونی شکار کے خلاف بھی کریک ڈاؤن جاری رہا۔ بٹیر، فالکن اور دیگر جنگلی جانوروں و پرندوں کے غیر قانونی شکار کے خلاف کارروائیاں تیز کی گئیں۔
حالیہ کریک ڈاؤن کے دوران 626 ملزمان کے خلاف مقدمات رجسٹرڈ کیے گئے، جبکہ 574 ملزمان پر مجموعی طور پر ایک کروڑ 69 لاکھ 27 ہزار 400 روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔
محکمہ جنگلی حیات کے مطابق سنگین نوعیت کے وائلڈ لائف کرائمز میں ملوث 149 ملزمان کے خلاف بھی مقدمات درج کیے گئے ہیں۔
محکمہ جنگلی حیات نے وائلڈ لائف کرائمز کے خلاف کارروائیاں بلاامتیاز جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔