ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

ون ویلرز کیخلاف مقدمات، روڈ بلاکنگ کی اجازت نہیں:سی ٹی او لاہور

ون ویلرز کیخلاف مقدمات، روڈ بلاکنگ کی اجازت نہیں:سی ٹی او لاہور
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

لاہور: سی بی ڈی مین بلیوارڈ پر رات کے اوقات میں ریسنگ، تیز رفتاری اور صوتی آلودگی پھیلانے والے ہیوی بائیکرز کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے دو افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

ترجمان کے مطابق ہیوی بائیکرز رات گئے مین بلیوارڈ پر ریسنگ اور تیز رفتاری کے ذریعے شہریوں کے سکون میں خلل ڈال رہے تھے۔ شہریوں کی شکایات پر ڈی ایس پی محمد اشفاق نے ناکہ بندی کی اور کارروائی کرتے ہوئے دو بائیکرز کو حراست میں لے لیا۔

ٹریفک حکام نے رات کے اوقات میں ہیوی بائیکرز کے لیے سی بی ڈی مین بلیوارڈ کو نوگو ایریا قرار دے دیا ہے۔ حکام کے مطابق ہیوی بائیکرز اکثر ٹولیوں کی صورت میں مین بلیوارڈ پر ریسنگ کرتے اور شور شرابے کا باعث بنتے ہیں۔

سی ٹی او لاہور نے ویک اینڈ پر ڈویژنل اور سرکل افسران کو اپنی نگرانی میں خصوصی کریک ڈاؤن کرنے کے احکامات جاری کر دیے، جبکہ شہر بھر میں نائٹ شفٹ ڈیوٹی پر مامور اہلکاروں کو بھی تیز رفتاری کے خلاف کارروائیاں تیز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

حکام کے مطابق سی بی ڈی مین بلیوارڈ، ڈیفنس مین بلیوارڈ اور کینال روڈ سمیت اہم شاہراہوں پر خصوصی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ ہیوی بائیکرز کی ریسنگ، ہلڑبازی اور روڈ بلاکنگ کے خلاف کارروائی کے لیے سیف سٹی کیمروں سے بھی مدد لینے کی ہدایت کی گئی ہے۔

سی ٹی او لاہور نے واضح کیا کہ ٹولیوں کی صورت میں سڑکوں پر نکل کر ہلڑبازی، ریسنگ یا روڈ بلاکنگ کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ ون ویلرز کی نشاندہی کرکے ان کے خلاف مقدمات بھی درج کیے جا رہے ہیں۔

عبدالرحیم شیرازی نے والدین سے اپیل کی کہ وہ نوجوان نسل پر خصوصی نظر رکھیں، کیونکہ تیز رفتاری جان لیوا ثابت ہو سکتی ہے۔ انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ محفوظ سفر کے لیے ٹریفک قوانین کی پابندی کریں۔