ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

پنجاب بھر میں ایم ڈی کیٹ کی تیاریاں مکمل، 49 ہزار 201 امیدوار ا

پنجاب بھر میں ایم ڈی کیٹ کی تیاریاں مکمل، 49 ہزار 201 امیدوار ا
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

فاران یامین: پنجاب بھر میں ایم ڈی کیٹ امتحان کے لیے انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز (UHS) کے زیر اہتمام پنجاب کے 15 شہروں میں منعقد ہونے والے امتحان میں مجموعی طور پر 49 ہزار 201 امیدوار شرکت کریں گے۔

ایم ڈی کیٹ کے لیے پاکستان میں 34 امتحانی مراکز قائم کیے گئے ہیں، جبکہ ایک بین الاقوامی مرکز ریاض، سعودی عرب میں قائم کیا گیا ہے۔

امتحان میں 36 ہزار 633 طالبات اور 12 ہزار 568 طلبہ شریک ہوں گے۔ لاہور میں ایم ڈی کیٹ کے لیے مجموعی طور پر 12 ہزار 30 امیدوار رجسٹرڈ ہیں، جن میں 9 ہزار 150 طالبات اور 2 ہزار 880 طلبہ شامل ہیں۔

لاہور میں امیدواروں کے لیے 6 امتحانی مراکز قائم کیے گئے ہیں۔ پنجاب یونیورسٹی امتحانی ہال وحدت روڈ میں 4 ہزار 400 طالبات، لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی میں 1 ہزار 600 طالبات جبکہ یونیورسٹی آف ایجوکیشن ٹاؤن شپ میں 1 ہزار 624 طالبات امتحان دیں گی۔

اسی طرح ڈویژنل پبلک اسکول ٹاؤن شپ میں 881 طلبہ، بی آئی ایس ای امتحانی ہالز لارنس روڈ میں 2 ہزار طلبہ جبکہ کامسیٹس یونیورسٹی لاہور کیمپس میں 1 ہزار 525 طلبہ و طالبات امتحان میں شریک ہوں گے۔

امتحان کے دوران سکیورٹی اور نگرانی کے غیر معمولی انتظامات کیے گئے ہیں۔ امیدواروں کی شناخت کے لیے نادرا کے بائیومیٹرک تصدیقی نظام سے بھی مدد لی جائے گی۔

وائس چانسلر یو ایچ ایس میجر جنرل (ر) پروفیسر سہیل صابر نے ایم ڈی کیٹ کے انتظامات کا جائزہ لیا اور متعلقہ حکام کو امتحان کے شفاف اور منظم انعقاد کو یقینی بنانے کی ہدایات دیں۔