(ویب ڈیسک)ہانگ کانگ انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر کارگو طیارہ رن وے سے پھسل کر سمندر میں جا گرا، جس کے نتیجے میں گراؤنڈ سٹاف کےدو افراد ہلاک ہو گئے۔
ہانگ کانگ کے میڈیا کے مطابق امارات کی پرواز EK9788 جو ایک بوئنگ 747-481 طیارہ تھا اور ترک کارگو ایئرلائن ایئر ACT کی ملکیت تھی، دبئی سے ہانگ کانگ پہنچ رہی تھی۔
طیارہ مقامی وقت کے مطابق صبح 3:50 بجے شمالی رن وے پر لینڈنگ کے دوران ایک گراؤنڈ گاڑی سے ٹکرا گیاجس کے بعد پھسل کرسمندرمیں گرگیا،حادثے کے نتیجے میں دو گراؤنڈ سٹاف اہلکار سمندر میں گر گئے جنہیں ریسکیو کر کے ہسپتال منتقل کردیا گیا، تاہم وہ جانبر نہ ہو سکے۔
طیارے میں موجود عملے کے چاروں ارکان محفوظ رہے اور انہیں معمولی چوٹوں کے بعد ہسپتال منتقل کر دیا گیا،حادثے کے باعث متاثرہ رن وے کو بند کر دیا گیا ، تاہم ایئرپورٹ کی باقی دو رن ویز بدستور فعال ہیں۔
ریسکیو آپریشن میں ہانگ کانگ کی گورنمنٹ فلائنگ سروس کے ہیلی کاپٹرز اور فائر سروسز کے بحری جہازوں نے حصہ لیا،ایئرپورٹ اتھارٹی کی ویب سائٹ کے مطابق آج کم از کم 11 کارگو پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں۔
حادثہ ہانگ کانگ انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ایک نایاب واقعہ ہے کیونکہ یہ ایئرپورٹ عمومی طور پر اپنے بہترین حفاظتی ریکارڈ کے لیے جانا جاتا ہے۔