عابد چودھری:ہربنس پورہ کے علاقے الجنت ہوم میں پالتو کتے کے حملوں کے باعث شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ تازہ واقعے میں ایک پالتو کتے نے قربانی کے جانور پر حملہ کر کے اسے زخمی کر دیا، جبکہ واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آ گئی ہے۔
علاقہ مکینوں کے مطابق چند روز قبل بھی اسی کتے کے حملے میں ایک بچہ زخمی ہوا تھا، جس کے بعد علاقے میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ کتے کو کھلا چھوڑا جاتا ہے، جس کی وجہ سے بچوں اور جانوروں کی جان کو خطرات لاحق ہیں۔
اہلِ علاقہ نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے پالتو کتے کے مالکان کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے اور علاقے میں شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔