سٹی42: پنجاب حکومت نے گرمی کی شدت کے پیش نظر صوبے بھر کے اسکولوں میں گرمیوں کی تعطیلات کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔
وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات کے مطابق پنجاب کے تمام سرکاری و نجی اسکول 28 مئی 2025 سے گرمیوں کی تعطیلات پر چلے جائیں گے۔
تعطیلات سے قبل اسکول کے اوقات کار میں کمی کر دی گئی ہے۔ اسکول صبح 7:30 بجے کھلا کریں گے جبکہ چھٹی ساڑھے 11 بجے ہوا کرے گی۔ وزیر تعلیم نے والدین، طلبہ اور اساتذہ سے اپیل کی ہے کہ وہ ہیٹ ویو کے دوران حفاظتی تدابیر پر عمل کریں تاکہ بچوں کی صحت و سلامتی کو یقینی بنایا جا سکے۔
دوسری جانب ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹیز کی غفلت سے 38 ہزار سرکاری سکولز مالی مشکلات سے دوچار ہیں،4 ماہ گزرنے کے باوجود سکولوں کو نان سیلری بجٹ جاری نہ ہوسکا۔
38 ہزار سرکاری سکول 4 ماہ سے نان سیلری بجٹ سے محروم،ڈیڑھ ماہ پہلے محکمہ خزانہ کیجانب سے سکولوں کو این ایس بی جاری کیا گیا تھا۔ لاہور کے ایک ہزار سے زائد سرکاری سکولوں تاحال این ایس بی نہیں مل سکا۔
لاہور کے سکولوں کے لیے 12 کروڑ90 لاکھ روپے جاری کیے گئے تھے،سکولوں کو 25 جنوری کو آخری دفعہ فنڈز جاری ہوئے تھے،مالی سال ختم ہونے کو ہے لیکن ابھی تک سکولوں کو دوسری اور چوتھی سہ ماہی کی قسط جاری نہیں ہوسکی۔