قیصر کھوھر: حکومت پنجاب نے قیدیوں کے لیے عید سے قبل تحفہ کا اعلان کیا ہے جبکہ اس سلسلے میں سیکرٹری داخلہ ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے سینٹرل جیل لاہور میں پریزن ویلفیئر سٹور کا افتتاح کیا۔
اس موقع پر قیدیوں نے اپنی ضرورت کے مطابق اسٹور سے سامان کی خریداری کی اور سیکرٹری داخلہ نے اسیران کو عید کی مبارکباد دی۔ پریزن ویلفیئر سٹور میں بنیادی ضرورت کی 74 اشیاء سستے داموں دستیاب ہیں، جن میں بیکری آئٹمز، مشروبات، کچن آئٹمز اور ہائی جین کے مصنوعات شامل ہیں۔
ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے صوبہ بھر کی جیلوں میں پریزن ویلفیئر سٹور قائم کرنے کی ہدایت کی ہے۔ ابتدائی طور پر اسٹور کا نظم و نسق پنجاب پریزن فاؤنڈیشن کے زیر انتظام ہوگا جبکہ خریداری کا تمام عمل سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے مانیٹر کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق تمام اسیران بائیو میٹرک کے ذریعے آن لائن ٹیب پر خریداری کا عمل مکمل کریں گے جبکہ سیکرٹری داخلہ نے ہدایت کی کہ کوئی بھی آئٹم مارکیٹ ریٹیل قیمت سے زائد پر فروخت نہ ہو۔
تمام فوڈ آئٹمز کے سیمپلز کی کوالٹی چیکنگ کے لیے پی اے ایف ڈی اے بھیجنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
اس کے علاوہ جیلوں میں نماز عید کی ادائیگی اور اسیران کی اہلخانہ سے ملاقات کے انتظامات بھی مکمل کر لیے گئے ہیں۔ اس موقع پر سپیشل سیکرٹری داخلہ فضل الرحمان، ایڈیشنل سیکرٹری پریزن رومان بورانہ، ڈی آئی جی محسن رفیق اور سپرنٹنڈنٹ جیل اعجاز اصغر بھی سیکرٹری داخلہ کے ہمراہ موجود تھے۔