رائو دلشاد: پنجاب میں پہلا سکل سٹی قائم کرنے کا اصولی فیصلہ کر لیا گیا ہے جس کی منظوری وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کیجانب سے ایک خصوصی اجلاس میں دی گئی ہے۔
اجلاس میں میٹرک ٹیک اور سکول بیسڈ سکلڈ ڈویلپمنٹ پر تفصیلی بریفنگ دی گئی جبکہ سکل سٹی پراجیکٹ کے لیے جامع تجاویز اور منصوبہ طلب کر لیا گیا ہے۔
منصوبے کے تحت ٹیکنیکل ایجوکیشن انسٹیٹیوٹ قائم کیے جائیں گے جبکہ پنجاب بھر میں سکل ایجوکیشن کے اداروں کو سینٹر آف ایکسی لینس میں تبدیل کیا جائے گا۔ اس کے ساتھ ساتھ ٹیکنیکل ووکیشنل ایجوکیشن بورڈ کا اسکاٹ لینڈ اور برطانیہ کے اداروں سے الحاق کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا ہے۔
اجلاس میں طلبہ کو مارکیٹ کی ضروریات سے ہم آہنگ میٹرک لیول ٹیکنیکل ایجوکیشن فراہم کرنے کا پلان پیش کیا گیا، جس کا مقصد نوجوانوں کو عملی اور فنی تعلیم دے کر انہیں میٹرک کے بعد ہی بہتر روزگار کے قابل بنانا ہے۔ اس پروگرام کے تحت گرافک ڈیزائننگ، میڈیا پروڈکشن، فیشن ڈیزائننگ، ڈیٹا کوڈنگ، ٹورازم، انڈسٹریل الیکٹرکیشن، پلمبنگ، سولر واٹر ہیٹنگ سسٹم، پروفیشنل شیف اور الائیڈ ہیلتھ جیسے شعبوں میں کورسز کرائے جائیں گے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ہدایت کی کہ ٹیکنیکل ایجوکیشن کے لیے بہترین اساتذہ کی خدمات حاصل کی جائیں اور صنعتی اداروں کے ماہرین سے نصاب تیار کروایا جائے تاکہ نوجوانوں کو جدید تقاضوں کے مطابق تربیت دی جا سکے۔
اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ وہ چاہتی ہیں کہ پنجاب کا ہر نوجوان ہنرمند اور اپنے فن میں یکتا ہو، جبکہ یوتھ فورس کو ٹیکنیکل ایجوکیشن کے ذریعے صوبے کی حقیقی طاقت بنایا جائے گا۔