ویب ڈیسک:پاکستانی شوبز انڈسٹری میں اداکارہ علیزے شاہ اور اداکار و ہدایت کار یاسر نواز کے درمیان جاری اختلافات ایک بار پھر خبروں کی زینت بن گئے ہیں، جہاں دونوں کے درمیان کشیدگی میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔
یہ معاملہ حالیہ دنوں میں مختلف پلیٹ فارمز اور سوشل میڈیا پر زیر بحث رہا، جہاں یاسر نواز کے ایک انٹرویو کلپ کے وائرل ہونے کے بعد تنازع نے دوبارہ شدت اختیار کی۔ اس کلپ کے جواب میں علیزے شاہ کی جانب سے انسٹاگرام پر دیے گئے بیانات اور اسٹوریز نے اس بحث کو مزید ہوا دی، جس کے باعث یہ معاملہ ایک بار پھر عوامی توجہ کا مرکز بن گیا۔

یہ تنازع اس وقت شروع ہوا جب دونوں فنکار ماضی میں ڈرامہ میرا دل میرا دشمن میں ایک ساتھ کام کر رہے تھے،جبکہ اسی دوران پیدا ہونے والی غلط فہمیاں وقت کے ساتھ ایک بڑے تنازع میں تبدیل ہو گئیں۔
معاملہ اس وقت مزید سنگین ہوا جب یاسر نواز نے ایک ٹی وی پروگرام میں علیزے شاہ پر تنقیدی رائے دی۔ اس پر ردعمل دیتے ہوئے علیزے شاہ نے ان کے رویے پر سوال اٹھایا اور خبردار کیا کہ اگر ان کے خلاف باتیں جاری رہیں تو وہ کھل کر سامنے آئیں گی۔

بعد ازاں حالیہ دنوں میں یاسر نواز نے اپنے مؤقف میں نرمی لاتے ہوئے علیزے شاہ کی صلاحیتوں کا اعتراف کیا اور انہیں دوبارہ کسی پروجیکٹ میں مرکزی کردار دینے کی خواہش ظاہر کی۔
تاہم اداکارہ نے اس بیان کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام پر اپنی اسٹوری میں دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ وہ اب ان کے ساتھ کام کرنے میں کوئی دلچسپی نہیں رکھتیں۔

اداکارہ کے اس ردعمل کے بعد سوشل میڈیا پر صارفین کی جانب سے ملا جلا رجحان سامنے آیا ہے، جہاں کچھ افراد نے ان کے مؤقف کی حمایت کی جبکہ دیگر نے ان کے انداز کو نامناسب قرار دیا۔