ویب ڈیسک : جنگلات کے عالمی دن کے موقع پر وزیراعلیٰ مریم نواز کی جانب سے کی ہدایت کے مطابق شجر کاری کی میگا مہم کل سے شروع ہو گی۔ پنجاب حکومت نے مساجد، درباروں اور بھٹوں کے گرد 'گرین زون' بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔
شجر کاری کی میگا مہم کے لیے 12 ہزار مقامات منتخب کیئے گئے ہیں، شجر کاری کا منصوبہ تیار کیا جاچکا ہے، جس کے تحت ہر پودے کی جیو ٹیگنگ ہوگی ۔
وزیراعلیٰ مریم نواز کی جانب سے علماء کرام، مشائخ عظام، اساتذہ، طلباء، وکلا، ڈاکٹرز، کسان، مزدور، میڈیاسے شرکت کی اپیل کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ تعلیمی، تجارتی، سماجی، کاروباری اداروں، صنعتوں، کارخانوں سے بھی شرکت کی اپیل کی گئی ہے ۔ وزیر اعلی مریم نواز کا کہنا ہے کہ شجرکاری مہم میں بھرپور حصہ لیں ۔
سینئرصوبائی وزیر مریم اورنگزیب کی زیر صدارت اجلاس میں 15 ملین درخت لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا۔ شجر کاری کی میگا مہم کے تحت عوام میں پودے تقسیم کرنے کا بھی آغاز ہو گیا ۔ اس کے علاوہ "پلانٹ فار پاکستان" مہم کی تیاریاں بھی مکمل ہوچکی ہیں۔ مہم کے تحت نجی و سرکاری یونیورسٹیوں، ہاؤسنگ سوسائٹیز، سرکاری دفاتر اور اراضی پر شجرکاری ہوگی۔ اس کے علاوہ صنعتوں کی ساڑھے 5 ہزار ایکڑ خالی پڑی زمین پر بھی شجرکاری ہوگی۔ شجرکاری مہم کا ویڈیوز کے ذریعے ریکارڈ محفوظ کیا جائے گا۔
میگا مہم کے تحت تعلیمی اداروں میں آگاہی سیمینارز، تقریری مقابلے اور پینٹنگ کے مقابلے ہوں گے ۔
"لنگز آف لاہور" اور "رنگ آف لاہور" کے تحت خصوصی درخت اگاؤ مہم کا کل سے آغاز ہوگا۔محکمہ صحت اور دیگر سرکاری اداروں کا عملہ بھی مہم میں حصہ لے گا، وزراء بھی شرکت کریں گے۔ تمام اضلاع کے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو شجرکاری کے اہداف سونپ دیئے گئے۔
مقامی سیاسی رہنماؤں اور کارکنوں کو بھی شجر کاری مہم میں حصہ لینے کی ہدایت کی گئی ہے ۔
شجرکاری مہم کی نگرانی کے لیے خصوصی ڈیش بورڈ قائم کردیے گئے ہیں۔ شجرکاری مہم کی وزیراعلیٰ مریم نواز براہ راست نگرانی کریں گی۔ جمعہ کے خطبے میں شجرکاری کی اہمیت اجاگر کی جائے گی۔