( ملک اشرف ) چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ محمد قاسم خان کی زیر صدارت انتظامی کمیٹی کا اجلاس، کورونا وائرس خدشات کے پیش نظر پانچ اپریل تک لاہور ہائیکورٹ میں صرف ارجنٹ نوعیت کے کیسز کی سماعت کا فیصلہ کرلیا گیا۔
چیف جسٹس ہائیکورٹ محمد قاسم خان کی زیرصدارت انتظامی کمیٹی کے اجلاس میں عدالتوں میں کورونا وائرس سے بچاؤ سے متعلق احتیاطی تدابیر کے متعلق تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق جلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کورونا وائرس سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر کے طور پر عدالت عالیہ میں پانچ اپریل تک صرف ارجنٹ نوعیت کی کیسز کی سماعت کی جائے۔
پانچ اپریل تک لاہور ہائیکورٹ، ہائیکورٹ ملتان بنچ، ہائیکورٹ بہاولپور بنچ میں ریگولر کیسز کی سماعت نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اجلاس میں جسٹس محمد امیر بھٹی، جسٹس ملک شہزاد احمد خان، جسٹس عائشہ اے ملک، جسٹس شاید وحید، جسٹس علی باقر نجفی اور جسٹس عاطر محمود نے شرکت کی۔