زاہد چودھری: صوبائی وزیر صحت و آبادی خواجہ عمران نذیر کی زیر صدارت اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں صوبہ بھر کے چیف ایگزیکٹو آفیسرز (سی ای اوز) ہیلتھ اور میڈیکل سپرنٹنڈنٹس (ایم ایس) نے آن لائن شرکت کی۔
اجلاس میں کمیونٹی ہیلتھ انسپکٹرز کی رجسٹریشن کے عمل کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر سیکرٹری صحت و آبادی، ایڈیشنل سیکرٹری ٹیکنیکل، ایڈیشنل سیکرٹری ایڈمن سمیت دیگر اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔
محکمہ صحت کی جانب سے تمام سی ای اوز ہیلتھ کو رجسٹریشن کے حوالے سے واضح ہدایات جاری کی گئیں اور ہدایت کی گئی کہ تمام اضلاع میں رجسٹریشن کا عمل فوری طور پر مکمل کیا جائے۔
اجلاس میں کہا گیا کہ جن اضلاع میں رجسٹریشن کا عمل مکمل ہو چکا ہے ان کی کارکردگی کو سراہا جاتا ہے، تاہم جہاں تاخیر پائی گئی وہاں فوری بہتری لانے کی ضرورت ہے۔
خواجہ عمران نذیر نے واضح کیا کہ رجسٹریشن کے عمل میں کسی قسم کی تاخیر یا سستی برداشت نہیں کی جائے گی۔ تمام سی ای اوز ہیلتھ کو محکمہ کی جاری کردہ گائیڈ لائنز پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ کمیونٹی ہیلتھ انسپکٹرز کا منصوبہ عوام کو ان کی دہلیز پر بنیادی صحت کی سہولیات فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا، جس سے صحت کے نظام کو مزید مؤثر بنایا جا سکے گا۔