ابو بکر ارشد: شہریوں کے لیے سستے پروٹین کا اہم ذریعہ سمجھے جانے والے مرغی کے گوشت اور انڈوں کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے، جبکہ سرکاری نرخوں پر عملدرآمد نہ ہونے کی شکایات بھی سامنے آ رہی ہیں۔
مارکیٹ ذرائع کے مطابق برائلر گوشت کا سرکاری نرخ 475 روپے فی کلو مقرر ہے، تاہم اوپن مارکیٹ میں مختلف دکانوں پر یہ 485 سے 490 روپے فی کلو تک فروخت کیا جا رہا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ ہر دکاندار اپنی مرضی کا ریٹ وصول کر رہا ہے، جس سے صارفین کو اضافی مالی بوجھ برداشت کرنا پڑ رہا ہے۔
اسی طرح فارمی انڈوں کی سرکاری قیمت 212 روپے فی درجن مقرر ہونے کے باوجود بازاروں میں انڈے 225 روپے فی درجن تک فروخت کیے جا رہے ہیں۔
شہریوں نے ضلعی انتظامیہ اور پرائس کنٹرول حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ مرغی کے گوشت اور انڈوں کی سرکاری قیمتوں پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور زائد نرخ وصول کرنے والے دکانداروں کے خلاف کارروائی کی جائے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ روزمرہ اشیائے خورونوش کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے باعث گھریلو بجٹ پہلے ہی متاثر ہو چکا ہے، ایسے میں مرغی کا گوشت اور انڈے بھی سرکاری نرخوں سے مہنگے فروخت ہونا عوام کے لیے مزید مشکلات پیدا کر رہا ہے۔