ویب ڈیسک:ملکی صرافہ بازار میں سونے اور چاندی کی قیمتوں نے ایک بار پھر اوپر کی جانب رخ کر لیا، جبکہ عالمی مارکیٹ میں بھی قیمتی دھاتوں کی قیمتوں میں اضافے کا رجحان برقرار رہا۔ تازہ نرخوں کے مطابق سونا اور چاندی دونوں مزید مہنگے ہو گئے ہیں۔
آل پاکستان صرافہ جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق 24 قیراط فی تولہ سونے کی قیمت میں 300 روپے اضافہ ہوا، جس کے بعد یہ 4 لاکھ 24 ہزار 536 روپے تک پہنچ گئی۔ اسی طرح 10 گرام 24 قیراط سونا 258 روپے مہنگا ہو کر 3 لاکھ 63 ہزار 971 روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔
ایسوسی ایشن کے مطابق 22 قیراط 10 گرام سونے کی قیمت بھی 237 روپے بڑھنے کے بعد 3 لاکھ 33 ہزار 652 روپے ہو گئی ہے۔
دوسری جانب مقامی مارکیٹ میں چاندی کی قیمتوں میں بھی نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ 24 قیراط فی تولہ چاندی 107 روپے مہنگی ہو کر 6 ہزار 177 روپے تک جا پہنچی، جبکہ 10 گرام چاندی کی قیمت 91 روپے اضافے کے بعد 5 ہزار 295 روپے ریکارڈ کی گئی۔
بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمت میں معمولی اضافہ دیکھا گیا، جہاں فی اونس سونا 3 ڈالر اضافے کے بعد 4 ہزار 21 ڈالر پر پہنچ گیا۔ اسی طرح عالمی مارکیٹ میں فی اونس چاندی 1.07 ڈالر مہنگی ہو کر 56.98 ڈالر کی سطح پر ٹریڈ کرتی رہی۔