ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

یومِ الحاقِ پاکستان کشمیریوں کے دل کی آواز

زاہد بشیر چوہدری

یومِ الحاقِ پاکستان کشمیریوں کے دل کی آواز
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

19 جولائی تاریخ کا وہ دن جب وادی کشمیر کے باسیوں نے اپنی خواہش، اپنے دل کی آواز، اور اپنے مستقبل کا تعین کرتے ہوئے ایک ایسا فیصلہ کیا جو آج بھی ہر کشمیری کے خون میں دھڑکتا ہےالحاقِ پاکستان۔یہ محض ایک دن نہیں بلکہ ایک عہد ہے۔ وہ عہد جو سری نگر کی گلیوں، دریا کے کناروں اور پہاڑوں کی گونج میں آج بھی سنائی دیتا ہے۔ 19 جولائی 1947 ءکو آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس نے سری نگر میں منعقدہ اجلاس میں یہ تاریخی قرارداد منظور کی کہ ریاست جموں و کشمیر کا مستقبل پاکستان کے ساتھ وابستہ ہوگا۔ اس دن نے کشمیریوں کے دل کی ترجمانی کی ا  ور اعلان کیا کہ’’ہم پاکستان کے ساتھ جینا چاہتے ہیں، پاکستان کے لیے مرنا چاہتے ہیں‘‘

۔یومِ الحاقِ پاکستان ایک جذبے، ایک رشتے اور ایک خواب کا نام ہے، وہ خواب جسے کشمیری عوام نے اپنی قربانیوں سے سینچا، اپنے لہو سے رنگا اور آج بھی اس کے حصول کے لیے سینہ سپر ہیں۔ بھارت کی ریاستی دہشت گردی، ظلم و ستم اور کالے قوانین کے باوجود کشمیری عوام کا عزم کمزور نہیں ہوا۔ ان کی نظریں آج بھی اسلام آباد کی فضاؤں میں پاکستان کے سبز ہلالی پرچم کو اپنے افق پر لہراتے دیکھنے کی تڑپ لیے ہوئے ہیں۔یہ دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ جب دنیا تقسیم کے دوراہے پر کھڑی تھی، کشمیریوں نے اپنے دل کی بات کہہ دی تھی۔ انہوں نے زبانِ حال سے اعلان کیا تھا کہ پاکستان ہمارا ہے اور ہم پاکستان کے ہیں۔ آج بھی  جب ظلم کے سائے لمبے ہوتے جا رہے ہیں، کشمیری نوجوان، بزرگ، مائیں، بہنیں اور بچے آزادی کے لیے قربانیاں دے رہے ہیں۔ ان کی جدوجہد، ان کا جذبہ اور ان کا یقین بتا رہا ہے کہ ظلم کبھی پائیدار نہیں ہوتا اور حق کی صبح ضرور طلوع ہوتی ہے۔یومِ الحاقِ پاکستان ہمیں اس پیغام کی یاد دہانی کرواتا ہے کہ’’کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے‘‘اور شہ رگ کو کبھی جدا نہیں کیا جا سکتا۔آج ہمیں صرف یکجہتی کے نعرے نہیں عمل کی ضرورت ہے۔

 کشمیری عوام کو یقین دلانے کی ضرورت ہے کہ ان کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ پاکستان ہمیشہ ان کے ساتھ ہے  ہر سطح پر، ہر فورم پر اور ہر میدان میں۔انشاء اللہ وہ دن ضرور آئے گا جب سری نگر سے مظفرآباد تک، ہر گلی، ہر کوچہ، پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونجے گا۔ کشمیریوں کو ان کا حقِ خودارادیت ملے گا، اور وہ آزادی کی فضا میں سانس لیں گے  جس کا وعدہ اقوامِ متحدہ نے بھی کیا اور جس کا خواب ہر کشمیری نے اپنی آنکھوں میں بسایا۔یومِ الحاقِ پاکستان، درحقیقت کشمیریوں کی اس پکار کا دن ہے’’ہم پاکستانی تھے، ہم پاکستانی ہیں، اور ہم پاکستانی رہیں گے۔‘‘