شہباز شریف بھی جلد اڈیالہ جیل میں ہوگا: عمران خان

شہباز شریف بھی جلد اڈیالہ جیل میں ہوگا: عمران خان
کیپشن: City42 - Imran Khan
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(سٹی 42) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ شہباز شریف نے 30 سال ظلم کی حکمرانی کی، ماڈل ٹاؤن میں پولیس کو استعمال کر کے 14 بے گناہ لوگوں کو قتل کیا۔ شہباز شریف بھی جلد نواز شریف کے ساتھ اڈیالہ جیل میں ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق این اے 132 کے علاقے کاہنہ میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کا جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ شہباز شریف نے اپنے بیٹوں اور داماد کے ساتھ مل کر  56کمپنیاں بنا کر لوٹ مار کی۔ شہباز شریف کے بیٹے بھِی جلد اڈیالہ جیل کی سلاخوں کے پیچھے ہونگے۔

کپتان کا کہنا تھاکہ چار پانچ سڑکوں کے علاوہ ترقی صرف اشتہاروں میں ہوئی۔ ہم نے پشاور میں 4 ارب کا شوکت خانم ہسپتال بنایا جبکہ شریف خاندان نے رائیونڈ پر سوا چار ارب روپے خرچ کیے۔

دوسری جانب گرینڈ ٹریڈرز الائنس نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی حمایت کا اعلان کر دیا۔ آواری ہوٹل میں گرینڈ ٹریڈرز الائنس نے عمران خان کے اعزاز میں تقریب کا اہتمام کیا۔ تقریب سے خطاب میں عمران خان کا کہنا تھا کہ تاجر برادری کے باعث شوکت خانم بنا تھا اور آج پاکستان کے حالات بھی تاجر ہی درست کرینگے۔

انکا کہنا تھا کہ حکومت میں آکر ٹیکسوں کی شرح میں کمی کرینگے۔ اس طرح لوگ زیادہ ٹیکس ادا کرینگے، سرمایہ کاری میں اضافہ اور نوجوانوں میں بے روزگاری کا بھی خاتمہ ہوگا۔ 

اکبر چوک میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ عوام کے ساتھ مل کر نیا اور خوشحال پاکستان بنائیں گے۔ عوام کے جنون کو سلام پیش کرتا ہوں۔ جو موسم کو دیکھے بغیر جلسہ میں شریک ہیں۔ تحریک انصاف کے کارکن اور ووٹرز کو گرمی سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔25  جولائی کو عوام اپنی تقدیر بدلنے کیلئے نکلے گی۔

علاوہ ازیں حلقہ این اے 136میں سندر روڈ پر جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ تحریک انصاف خیبر پختونخوا میں پہلے سے زیادہ سیٹیں جیتے گی۔ 25 جولائی کو عوام نے موقع دیا تو سب سے پہلے ادارے ٹھیک کریں گے۔

 چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے عابد باکسر کو انکشاف کرنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہاکہ عابد باکسر شہباز شریف کو بہت مہنگا پڑے گا۔ لوگوں کو صاف پانی فراہم کرنا ہماری حکومت کی اولین ترجیح میں شامل ہو گا۔