ویب ڈیسک: جامعہ بنوری ٹاؤن کے شیخ الحدیث، ممتاز عالمِ دین مولانا قاری مفتاح اللہ انتقال کر گئے۔ ان کی وفات پر علمی و دینی حلقوں میں گہرے رنج و غم کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے مولانا قاری مفتاح اللہ کے انتقال پر اظہارِ تعزیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مرحوم کی رحلت علمی دنیا کے لیے بڑا نقصان ہے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ مولانا قاری مفتاح اللہ ایک ثقہ عالم، کہنہ مشق مدرس، صاحبِ طرز خطیب، علمِ قرأت کے ماہر اور علومِ عقلیہ و نقلیہ کے جامع تھے۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ مرحوم کی پوری زندگی علومِ اسلامیہ کی خدمت اور اشاعت میں گزری، جبکہ ہزاروں طلبہ نے ان کے علم و فیض سے استفادہ کیا۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مولانا قاری مفتاح اللہ کی مغفرت فرمائے، درجات بلند کرے، اعلیٰ علیین میں جگہ عطا فرمائے اور ان کی دینی خدمات کو قبول فرمائے۔
جے یو آئی سربراہ نے مرحوم کے اہلِ خانہ، متعلقین، تلامذہ اور عقیدت مندوں سے تعزیت کرتے ہوئے ان کے لیے صبرِ جمیل کی دعا بھی کی۔