ملک اشرف : عدالتوں میں آج سے نیا بائیو میٹرک نظام نافذ,اطلاق لاہور ہائیکورٹ سمیت صو بہ بھر کی ضلعی عدالتوں میں کیا گیا ۔نظام کے تحت عدالتوں میں شفافیت، جعلسازی کے خاتمے اور درست شناخت کو یقینی بنایاجائے گا۔
نئے نظام کے تحت اب کسی بھی عدالتی کارروائی سے قبل تمام فریقین کی بائیو میٹرک تصدیق لازمی قرار دے دی گئی ہے۔درخواست گزار، مدعا علیہ اور ضامن سب کو نادرا کے ذریعے بائیو میٹرک تصدیق کروانا ہوگی۔ عدالتی ذرائع کے مطابق بائیو میٹرک تصدیق کے بغیر نہ صرف کیس کی سماعت نہیں ہوگی بلکہ ضمانتی بانڈ بھی قابل قبول نہیں ہوگا۔ بائیو میٹرک نظام کا مقصد جعلی مقدمات، فرضی ضمانتوں اور جعلی شناخت کے استعمال کو روکنا ہے۔ عدالتی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے عدالتی کارروائی میں شفافیت بڑھے گی اور اصل فریقین کی حاضری کو یقینی بنایا جا سکے گا۔قانونی ماہرین کے مطابق یہ اقدام عدالتی نظام میں ایک اہم اصلاح تصور کیا جا رہا ہے۔عدالتی حلقے کہتےہیں بائیو میٹرک نظام کے نفاذ سے عدالتوں میں ایک نئے اور شفاف دور کا آغاز ہو گیا۔