ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

سگریٹس، شوگر ودیگر اشیاء کی سمگلنگ، ٹیکس چوری کرنیوالے ہو جائیں ہوشیار

سگریٹس، شوگر ودیگر اشیاء کی سمگلنگ، ٹیکس چوری کرنیوالے ہو جائیں ہوشیار
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

کلیم اختر: سگریٹس، شوگر اور دیگر اشیائے ضروریہ کی سمگلنگ، غیر قانونی پیداوار اور ٹیکس چوری میں ملوث عناصر ہوشیار ہو جائیں،کیونکہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کے تحت انفورسمنٹ سرگرمیاں مزید تیز کر دی ہیں۔

ایف بی آر کے مطابق ان لینڈ ریونیو انفورسمنٹ نیٹ ورک (IREN) کی ٹیموں میں رد و بدل کرتے ہوئے نئی اور مؤثر انفورسمنٹ ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔ یہ اسپیشل ٹیمیں متعلقہ کوآرڈینیٹرز کی نگرانی میں فیلڈ میں کارروائیاں انجام دیں گی۔

ذرائع کے مطابق یہ ٹیمیں ممبر ان لینڈ ریونیو آپریشنز اور ڈی جی آئی ٹی اینڈ ڈی ٹی کی منظوری سے قائم کی گئی ہیں۔ لاہور ہب کے لیے ایڈیشنل ڈائریکٹر ان لینڈ ریونیو ڈاکٹر تنویر حسین بھٹی کو کوآرڈینیٹر مقرر کیا گیا ہے۔

نئی تشکیل دی گئی ٹیمیں ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کے تحت سگریٹس، شوگر اور دیگر اشیاء کی پیداوار، فروخت اور سپلائی چین کی کڑی نگرانی کریں گی۔ ان ٹیموں کو فیلڈ میں مانیٹرنگ، چیکنگ اور قانون کے مطابق کارروائی کے مکمل اختیارات حاصل ہوں گے۔

ایف بی آر کا کہنا ہے کہ ٹیکس چوری، غیر قانونی پیداوار اور سمگلنگ کی روک تھام کے لیے زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی گئی ہے اور ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم پر مکمل عملدرآمد ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔

ترجمان ایف بی آر کے مطابق قوانین کی کسی بھی قسم کی خلاف ورزی برداشت نہیں کی جائے گی اور ملوث عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔