ملک اشرف: واہڈا اہلکار نے قبل از وقت ریٹائرمنٹ نہ ملنے پر لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا ،عدالت کا چیف ایگزیکٹو واپڈا کو درخواست گزار کی ایک ماہ میں داد رسی کا حکم دے دیا.
جسٹس احمد ندیم ارشد نے واپڈا اہلکار عبد الخالق کی درخواست پر سماعت کی، جس میں درخواست گزار کی جانب سے راجہ عبدالرحمان ایڈوکیٹ پیش ہوئے۔ اس موقع پر وفاقی حکومت کے وکیل بھی عدالت میں موجود تھے ، راجہ عبدالرحمان ایڈوکیٹ نے عدالت کو بتایا کہ عبد الخالق 2003 میں واپڈا میں بطور لین مین بھرتی ہوئے۔ 2008 میں ایک حادثے کے نتیجے میں ان کے گھٹنے زخمی ہو گئے، اور وہ واپڈا ہسپتال میں طویل عرصہ زیر علاج رہے۔ اسی دوران دوسرے گھٹنے میں بھی تکلیف پیدا ہو گئی۔ عبد الخالق بھاری بھرکم کام اور گھٹنوں میں مسلسل تکلیف کی وجہ سے ڈیوٹی انجام دینے سے قاصر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 22 سال سے زائد عرصے سے ڈیوٹی کرچکے ہیں اور اب مزید فرائض سر انجام نہیں دے سکتے۔عدالت نے سماعت کے بعد چیف ایگزیکٹو واپڈا کو حکم دیا کہ وہ درخواست گزار کی داد رسی کے لیے ایک ماہ کے اندر ضروری اقدامات کریں اور قبل از وقت ریٹائرمنٹ کے معاملے کو حل کریں۔