جنید ریاض:موسمِ سرما کی تعطیلات کے بعد ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی لاہور نے کمر کس لی۔ پہلے ہی روز غیر حاضری پر درجنوں اساتذہ کو معطل کر دیا گیا۔
ایجوکیشن اتھارٹی کے مطابق تمام افسران آج بھی فیلڈ میں موجود رہیں گے اور سرکاری اسکولوں کی مکمل چیکنگ کی جائے گی۔ اس دوران ٹیچنگ اور نان ٹیچنگ اسٹاف کی حاضری کو سختی سے مانیٹر کیا جائے گا۔
اتھارٹی نے ہدایت کی ہے کہ اسکولوں میں سکیورٹی ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ اسکول سربراہان کو تاکید کی گئی ہے کہ طلبہ کی حاضری اور اسکول ریکارڈ ہر حال میں مکمل رکھا جائے۔
ایجوکیشن اتھارٹی لاہور نے واضح کیا ہے کہ ہدایات پر عمل نہ کرنے والے ہیڈ ٹیچرز کو فوری معطل کیا جائے گا۔ انتظامیہ کے مطابق نظم و ضبط، حاضری اور سکیورٹی میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔