میچ فکس تھا، الیکشن کمیشن ہمارے انٹرا پارٹی انتخابات کے معاملے کو التوا دیتا رہا، بانی پی ٹی آئی

Imran Khan, Ex Prime Minister, EX Chairman PTI, Adiala Jail, Election Commission of Pakistan, Intra-party election, City42
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

حاشر وڑائچ: بانی پی ٹی آئی نے اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے باتیں کرتے ہوئے یہ نیا دعویٰ بھی کیا کہ میچ فکس تھا،  الیکشن کمیشن ہمارے انٹرا پارٹی انتخابات کے معاملے کو التوا دیتا رہا۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی میں نئے انٹرا پارٹی انتخابات ہوں گے یا نہیں اس بارے ابھی کوئی پتہ نہیں۔

سابق وزیراعظم نے اڈیالہ جیل میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ توشہ خانہ کیس میں ایک کروڑ 80 لاکھ روپے کی جیولری کی قیمت کو 300 کروڑ روپے تک پہنچا دیا گیا۔

عمران خان نے کہا کہ توشہ خانہ میں تمام تحائف کا تخمینہ دبئی میں بھارتی شہری کی دکان سے لگوایا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ سارا کیس اسی گواہ پر تھا جس پر  آج جرح کی گئی۔ عمران خان نے دعویٰ کیا کہ (توشہ خانہ کے تحائف کی قیمت میں اضافہ صاحب کو خوش کرنے کے لیے کیا گیا ۔ انہوں نے آج پھر یہ دعویٰ کیا کہ "اوپر بیٹھے کرنل صاحب سن رہے ہوں گے"

بانی پی ٹی آئی نے شکایت کی کہ مجھے نااہل کیا گیا جبکہ عدالت کا فیصلہ معطل ہو چکا ہے۔ سزا یافتہ نواز شریف کو کلیئر کر دیا۔ میری نااہلی کے خلاف اپیل اور انسانی حقوق کے لیے دائر پٹیشن کو نہیں سنا جا رہا۔ ہمیں الیکشن مہم چلانے کی اجازت تک نہیں دی جا رہی۔یہ کیسی جمہوریت ہے جس میں ہمارے امیدواروں کو گرفتار کیا جا رہا ہے۔ کاغذات نامزدگی کی مستردگی کے خلاف لاہور ہائی کورٹ فیصلہ کے باوجود 4روز سے تحریری آرڈر جاری نہیں کر رہا۔ عمران خان نے دعویٰ کیا کہ  جس طرح کا الیکشن کروایا جا رہا ہے اس سے ملک میں سیاسی عدم استحکام بڑھے گا۔ بیڑا غرق ہو جائے گا

ان کا کہنا تھا کہ ایک مفرور کو ہم پر مسلط کیا جا رہا ہے۔ ملک میں قانون کی حکمرانی ختم ہو چکی ہے لیکن ہم آخری گیند تک لڑیں گے۔

بانی پی ٹی آئی نے یہ بھی کہا کہ 5 اگست کے بعد نریندر مودی سے کبھی رابطہ نہیں کیا۔ ابھی نندن کے معاملہ پر بھی مودی سے رابطہ کرنے کی کوئی کوشش نہیں کی۔ یہ سب جھوٹ ہے۔انہوں نے دعویٰ کیا  کہ جو پی ٹی آئی چھوڑے گا وہ اپنا سیاسی مستقبل ختم کر لے گا۔ بانی پی ٹی آئی نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ پی ٹی آئی کے پاس ووٹ بینک ہے اسی لیے اسٹیبلشمنٹ سے یہ پارٹی نہیں ٹوٹ رہی۔ الیکشن ختم ہوتے ہی لوگ پی ٹی آئی کی طرف آئیں گے۔ میں سیاست دان ہوں سیاست کروں گا بندوق ہاتھ میں نہیں پکڑوں گا۔صدر عارف علوی نے معاملات  کوسلجھانے کی بہت کوشش کی۔

بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ سنا ہے نواز شریف نے لیہ کا جلسہ کینسل کر دیا ان کے جلسے نہیں جلسیاں ہو رہی ہیں۔ میں کہتا ہوں الیکشن سے تین دن قبل مجھے چھوڑ دیں اور  ایک جلسہ کرنے کی اجازت دے دیں ان کو لگ پتہ جائے گا۔ایک پلان اللہ بناتا ہے اور ایک پلان بندہ بناتا ہے لیکن ہوتا وہی ہے جو اللہ کا پلان ہوتا ہے۔پوسٹل بیلٹ کے ذریعے اپنا حق رائے دہی استعمال کروں گا۔یہ سب صرف اس لیے کیا جا رہا ہے کہ عمران خان دوبارہ اقتدار میں نہ آ جائے۔ یہ ماحول اس لیے بنایا گیا کہ ٹرن آؤٹ کم ہو اور پاکستانی منڈیلا نواز شریف کو مسلط کیا جائے۔