زیر التوا مقدمات کی تعداد ایک لاکھ 90 ہزار سے تجاوز کرگئی

زیر التوا مقدمات کی تعداد ایک لاکھ 90 ہزار سے تجاوز کرگئی
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ملک اشرف: لاہور ہائیکورٹ میں زیر التوا مقدمات کی تعداد ایک لاکھ 90 ہزار سے تجاوز کرگئی، سائلین پریشان، عدالت عالیہ میں ججز کی کمی مقدمات کے التواء کی سب سے بڑی وجہ قرار، آئندہ ماہ دو مزید ججز ریٹائرڈ ہو نگے۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس عاطر محمود 8 مارچ دو ہزار اکیس، جسٹس محمد طارق عباسی 30 مارچ کو 62 سال کی عمر پوری ہونے پر ریٹائرڈ ہوں گے۔ لاہور ہائیکورٹ میں گزشتہ دو سالوں سے کسی نئے جج کی تعیناتی عمل میں نہیں آئی۔ ججز کی کمی کے باعث لاہور ہائی کورٹ میں زیر التوا مقدمات کی تعداد میں روز بروز اضافہ ہوتا جارہا ہے۔

لاہور ہائی کورٹ میں ججز کی منظور شدہ تعداد 60 ہے لیکن گزشتہ دو سالوں سے 40 ججز مقدمات کی سماعت کر رہے ہیں۔ ججز کی کمی کی وجہ سے وکلاء اور سائلین پریشان ہیں۔ چیف جسٹس محمد قاسم خان فوری انصاف کی فراہمی کیلئے کوشاں ہیں، خواہش رکھتے ہیں کہ ججز کی کمی کو جلد از جلد پورا کیا جائے۔

عدالت عالیہ میں نئے ججز کی تعیناتی کے حوالے سے فہرستیں مرتب کی گئیں لیکن ابھی تک کوئی پیش رفت نہیں ہوسکی۔ وکلاء رہنماؤں نے لاہور ہائی کورٹ میں ججز کی کمی کو جلد پورا کرنے کیلئے اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔