پولیو مہم ناکام،وائرس نے بچی کی جان لے لی

پولیو مہم ناکام،وائرس نے بچی کی جان لے لی
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

زاہد چوہدری:   پنجاب حکومت کا لاہور میں پولیو فری مہم کا خواب پورا نہ ہوسکا، پولیو مہم کی لاہور میں بدترین ناکامی، پولیو وائرس سے ساڑھے 4 سالہ بچی جان کی بازی ہار گئی۔

تفصیلات کے مطابق پولیو کی مہم لاہور میں بری طرح نا کام ہوچکی ہے، سیوریج میں مسلسل پولیو وائرس موجود ہے اور جس کے نتیجے میں پولیو وائرس سے ساڑھے 4 سال کی بچی میشا ابرار جان کی بازی ہار گئی، میشاء ابرار کو وائرس کے سیمپل لینے کے بعد کراچی لیجایا گیا مگر جانبر نہ ہوسکی، وائرس میں مبتلا راوی ٹاؤن کی ساڑھے4 سالہ میشا ابرار دم توڑگئی۔

اس کے علاوہ اوکاڑہ کی 14 سالہ ایمان وارث کے بھی پولیو میں مبتلا ہونے کی تصدیق کی گئی ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ 14 سالہ ایمان وارث نے بھی لاہور کا سفر کیا جہاں سے پولیو وائرس ہوا۔

واضح رہے کہ یہ پولیو کا لاہورمیں رواں سال کا پہلا کیس ہے،  گزشتہ سال مہلک وائرس کے چار کیسز سامنے آئے تھے۔

چند روز قبل وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدارکی ہدایت پر صوبے بھرمیں انسدادپولیو مہم کا آغاز کیا گیا تھا، اس ضمن میں  وزیراعلیٰ آفس میں انسداد پولیو مہم کے آغاز کی خصوصی تقریب بھی منعقد ہوئی تھی، جس میں صوبائی وزیر صحت  ڈاکٹر یاسمین راشد، صوبائی وزیر ہاؤسنگ میاں محمود الرشید، چیف سیکرٹری میجر (ر) اعظم سلیمان خان، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ پنجاب، سیکرٹری پرائمری و سکینڈری ہیلتھ کیئراورایڈیشنل سیکرٹری ہیلتھ نے بچوں کو قطرے پلا کرانسداد پولیومہم کا افتتاح کیا تھا۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا تھا  کہ پنجاب میں  شروع ہونے والی خصوصی مہم پانچ روز جاری رہے گی، پنجاب بھر میں5 سال سے کم عمر تقریباً 2 کروڑ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے، خصوصی مہم میں 90 ہزار سے زائد ہیلتھ ورکرز اورسپر وائزرزحصہ لیں گے۔

وزیراعلیٰ نے محکمہ صحت اور ضلعی انتظامیہ کو انسداد پولیو کیلئے وضع کردہ پلان پر 100 فیصد عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت  بھی کرنے کو کہا تھا اور  کہا  کہ صوبے سے  پولیو کے خاتمے کیلئے کاوشیں جہاد ہے، پولیو ویکسین کی افادیت کے بارے میں عوام کو بالخصوص والدین کو آگاہ کرنا ہماری ذمہ داری ہے، انسداد پولیو مہم میں کسی قسم کی کوتاہی یا لاپرواہی قابل برداشت نہیں۔

صوبائی وزیر  ڈاکٹر یاسمین راشد  کا کہنا تھا  کہ بچوں کو پولیو سے محفوظ رکھنا ہماری قومی ذمہ داری ہے، رواں مہم کے دوران ہر بچے کو پولیو ویکسین پلائی جائے گی، صوبائی وزیر میاں محمود الرشید نے کہا کہ پولیو کا خاتمہ ہماری ترجیحات میں سرفہرست ہے۔

 

Shazia Bashir

Content Writer