(روزینہ علی) پاکستان کرکٹ بورڈ نے پی سی بی اینٹی کرپشن کوڈ کی دفعہ 4.7.1 کے تحت مایہ ناز بیٹسمین عمر اکمل کو معطل کیا.
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو ٹورنامنٹ شروع سے قبل ہی بڑا دھچکا لگ گیا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے پی سی بی اینٹی کرپشن کوڈ کی دفعہ 4.7.1 کے تحت عمر اکمل کو فوری طور پر معطل کردیا ہے، لہٰذا پی سی بی اینٹی کرپشن یونٹ کی جانب سے جاری تحقیقات مکمل ہونے تک عمر اکمل کرکٹ سے متعلق کسی بھی سرگرمی میں حصہ نہیں لے سکتے۔ فی الحال تحقیقات جاری ہیں لہٰذا پی سی بی اس معاملے پر مزید کوئی بیان جاری نہیں کرے گا۔ اس دوران کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو ایچ بی ایل پی ایس 2020 کے لیے عمر اکمل کے متبادل کا انتخاب کرنے کی اجازت ہوگی۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی آفیشل ٹوئٹر اکاونٹ میں جاری پیغام میں کہا گیا ہے کہ عمر اکمل پر پہلے سے کیس جاری تھا ، اس لئے پی سی بی کے رولز کے تحت ان کی جگہ کسی اور کھلاڑی کا انتخاب کیا جائے گا۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم میں سرفراز احمد(کیپٹن)، محمد نواز، شین واٹسن، احمد شہزاد، محمد حسنین، احسن علی، نسیم شاہ، جیسن رائے، بین کٹنگ، فواد احمد، آرش علی خان، عبدالناصر، ٹیمل ملز، سہیل خان، اعظم خان، کیمو پول، زاہد محمود اور خرم منظور شامل ہیں۔
دفاعی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور 2 مرتبہ کی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان ایونٹ کا افتتاحی میچ آج رات 9 بجے شروع ہوگا۔