ویب ڈیسک:شام کے شہر حلب میں سوسنار کی دکان پر مسلح افراد نے اندھا دھند فائرنگ کرکے دکاندار اور اُسکے بھائی کو موت کے گھاٹ اتار دیا، حملہ آور بڑی مقدار میں سونا لے کر فرار ہوگئے، واقعہ کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظر عام پر آگئی۔
شام کے شہر حلب کے علاقے الحلاق میں مسلح افراد نے ایک سونا کی دکان پر دھاوا بول دیا۔ واقعہ منگل کو پیش آیا جب حملہ آوروں نے اچانک دکان میں داخل ہو کر فائرنگ شروع کردی۔ گولیوں کی زد میں آکر دکاندار اور اس کا بھائی موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔
عینی شاہدین کے مطابق فائرنگ کے بعد حملہ آور بڑی مقدار میں سونا لے کر فرار ہوگئے۔ واقعے کے فوراً بعد علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا اور دکانداروں نے اپنی دکانیں بند کر دیں۔
پولیس اور امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچیں اور معاملے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق حملہ آوروں کی شناخت تاحال نہیں ہوسکی، تاہم پولیس ممکنہ شواہد اور سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزمان کا سراغ لگانے کی کوشش کر رہی ہے۔
واقعے نے مقامی آبادی میں تشویش کی لہر دوڑا دی ہے، جبکہ شہریوں نے سکیورٹی میں بہتری اور ملزمان کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔