کئی 13 دسمبر آئیں گے اور گزر جائیں گے،استعفے جیبوں میں رہ جائیں گے،عثمان بزدار

کئی 13 دسمبر آئیں گے اور گزر جائیں گے،استعفے جیبوں میں رہ جائیں گے،عثمان بزدار
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

علی اکبر: وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ کئی 13 دسمبر آئیں گے اورگزر جائیں گے، استعفے جیبوں میں رہ جائیں گے۔ وزیراعظم عمران خان کے ہوتے ہوئے انہیں لوٹ مارکا حساب دیناہوگا۔
 
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ عاقبت نااندیش پی ڈی ایم کوتاریخیں دینے کی عادت پڑچکی ہے،  یہ ٹولہ جانتا ہے کہ استعفے دیئے تو خالی نشستوں پر الیکشن ہوں گے،  انہوں نے کہا کہ اس کرپٹ اپوزیشن میں استعفے دینے کی اخلاقی جرأت ہرگز نہیں، شو ر و غوغا کرنیوالےقوم پررحم کریں اورمنفی سیاست ترک کردیں۔

وزیر اعلی نے مزید کہا کہ اپوزیشن پے درپے ناکامیوں کے باوجوداب تک خواب غفلت میں سورہی ہے، وزیراعظم عمران خان کے ہوتے ہوئے انہیں لوٹ مارکا حساب دیناہوگا،  یہ عناصرجتنی مرضی منت ترلے کرلیں،  این آر او نہیں ملنے والا اپوزیشن کے نا آسودہ ارمانوں پراوس پڑچکی ہے۔

 اس سے قبل وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے وفاقی وزیر غلام سرور خان نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور، حلقے کی ترقیاتی سکیموں پر پیش رفت اور سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا، ملاقات میں پی ڈی ایم کی تخریبی سیاست کی پرزور مذمت کی گئی۔

وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ خدمت کے سفر کے سامنے انتشار کی سیاست اپنی موت آپ مرچکی ہے،  افراتفری کی سیاست کا جواب عوام کی خدمت سے دیاہے اور دیتے رہیں گے،  منفی سیاست کو 22کروڑ عوام مسترد کرچکے ہیں، پے درپے ناکامیوں کے بعدمخالفین کو نوشتہ دیوار پڑھ لینا چاہیے۔

Shazia Bashir

Content Writer