طاہر جمیل :دریائے راوی میں پانی کے بہاؤ میں بتدریج کمی ریکارڈ کی جا رہی ہے، شاہدرہ کے مقام پر بہاؤ 23 ہزار کیوسک، جسڑ پر 26 ہزار کیوسک جبکہ بلوکی کے مقام پر 31 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق گزشتہ روزپانی کا بہاؤجسڑپر 54 اور شاہدرہ میں 36 ہزار کیوسک تھا،دریائے راوی کے اہم مقامات پر پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق ہے،آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران نچلے سے درمیانے درجے کے سیلاب کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے،شدید بارشوں کے سبب دریاؤں کے بہاؤ میں مزید اضافے کا خدشہ ہے،ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے ضلعی انتظامیہ بھی متحرک ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے نے بتایا کہ دریا کے پاٹ میں آباد خانہ بدوش کو نکال دیا گیا ،گاؤ شالہ، مالی پورہ کے اطراف کے علاقے خالی کروا لئے، سگیاں پل کے قریب موجود باڑوں سے مویشی بھی منتقل کر دیئے گئے،دریا کنارے ریسکیو 1122 کا ایمرجنسی کیمپ بھی قائم کر دیا گیا،کیمپ میں لائف جیکٹس، کشتیاں بھی موجود ہیں،ریسکیو عملہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے الرٹ ہیں۔
سول ڈیفنس کی جانب سے بھی انتظامات مکمل کر لئے گئے،سول ڈیفنس کے کیمپ میں 4 ہزار لائف جیکٹس موجود ہیں،محکمہ صحت کی جانب سے میڈیکل کیمپ بھی قائم کر دیا گیا۔