ویب ڈیسک:کراچی سے اسلام آباد جاتے ہوئے پنڈی بھٹیاں کے قریب مسافر بس کو حادثہ پیش آگیا جس کے نتیجے میں آتشزدگی سے 16 افراد جھلس کر جاں بحق جبکہ 15زخمی ہو گئے۔
حادثے سے متعلق بات کرتے ہوئے ڈی پی او ڈاکٹر فہد نے بتایا کہ 18 لاشیں نکال لی گئی ہیں، حادثے میں بس اور پک اپ وین کا ڈرائیور بھی جھلس کر جاں بحق ہو گئے ہیں،حادثے میں 18 افراد جھلس کر جاں بحق جبکہ15 افراد زخمی ہو گئے ہیں جنہیں طبی امداد کیلئے اسپتال روانہ کردیا گیا ہے، زخمیوں میں سے بیشتر کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔ڈی پی او ڈاکٹر فہد کے مطابق جاں بحق افراد کی شناخت ڈی این اے کے ذریعےہوسکےگی، زخمیوں کو پنڈی بھٹیاں اور فیصل آباد کےاسپتال منتقل کیاگیا ہے۔
ڈی پی او کا کہنا ہے کہ پک اپ میں ڈیزل کےڈرم رکھےہوئےتھےجس کی وجہ سےبس میں آگ لگی۔ ریسکیو ذرائع کا کہنا تھا کہ مسافر بس میں35 سے 40 مسافر سوار تھے، 15 افراد زخمی ہو گئے ہیں، زندہ بچ جانے والے مسافروں نے بتایا کہ مسافر بس کراچی سے اسلام آباد جا رہی تھی، اچانک گاڑی سے ٹکر کے بعد بس کو آگ نے اپنی لپیٹ میں لے لیا، مسافروں کو باہر نکلنے کا موقع ہی نہیں مل سکا تھا۔
اس سے قبل ڈی ایس پی احسان ظفر نے حادثے میں ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ فیصل آباد موٹروے پر پنڈی بھٹیاں کےقریب پیش آئےحادثےمیں 20 سے زائد افراد جاں بحق ہوگئے ہیں جبکہ حادثےمیں مزید ہلاکتوں کا بھی خدشہ ہے۔پولیس کے مطابق صبح سوا 4 بجے کے قریب پک اپ وین اور مسافر بس کی ٹکر ہوئی، جس کے بعد گاڑیوں میں آگ لگ گئی ، دونوں گاڑیاں جل کر مکمل تباہ ہو گئیں، پک اپ وین ڈیزل لے کر جا رہی تھی۔ایم ایس پنڈی بھٹیاں اسپتال کا کہنا ہے کہ 11افرادکی لاشیں اور 15 زخمیوں کوپنڈی بھٹیاں اسپتال لایاگیا، 4زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے الائیڈاسپتال منتقل کیا گیا ہے۔