مہنگائی کے ستائے عوام کیلئے ایک اور برُی خبر

مہنگائی کے ستائے عوام کیلئے ایک اور برُی خبر
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(حسن علی) مہنگائی کے سونامی میں ڈوبے عوام کیلئے ایک اور بری خبر آگئی، یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن آف پاکستان نے 300 سے زائد اشیاء کی قیمتوں میں 1 روپےسے 65 روپےتک کا اضافہ کر دیا۔

یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن آف پاکستان نے بھی عوام پر مہنگائی بم گرا دیا، گھی، کوکنگ آئل، مصالہ جات، ٹوتھ پیسٹ، شیمپو، صابن، چائے کی پتی اور پیمپر سمیت دیگر اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا ہے،یوٹیلٹی سٹورز پر مخلتف برانڈز کے درجہ اوّل اور درجہ دوم کے گھی اور کوکنگ آئل 8 روپے سے 34 روپے، مصالہ جات کی قیمتیں 15 سے 25 روپےجبکہ شیمپو 25 روپے تک مہنگے کر دئیے گئے۔

مخلتف کمپنیوں کے صابن ایک سے 7 روپے اور ٹماٹو کیچپ کی قیمت میں 15 روپےتک کا اضافہ کیا گیا ہے، مختلف برانڈ کے پیمپرز کی قیمت میں 65 روپے جبکہ مصالحہ جات 3 روپےاور چائے کی پتی 3 روپے سے 16 روپے تک مہنگی کر دی گئی۔

شہریوں کا کہناتھا کہ یوٹیلٹی سٹورز پر اشیاء کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور قیمتوں کو کنٹرول کرنے میں حکومت ناکام ہو چکی ہے، ماضی میں یوٹیلٹی سٹورز پر مارکیٹ سے کم قیمت پر اشیاء کی فراہمی کی جاتی تھیں، لیکن اب مارکیٹ اور یوٹیلٹی سٹورز کی قیمتوں میں کوئی فرق نہیں۔

شہریوں کا  مزید کہنا تھا کہ اشیاء کی قیمتوں میں اضافےکے باعث ان سٹورز کی افادیت ختم ہورہی ہے، حکومت یوٹیلٹی سٹورز پر اشیاء کی قیمتوں میں کمی کرے تاکہ عام شہری کو مہنگائی کے اس دور میں کچھ ریلیف مل سکے۔

Sughra Afzal

Content Writer