کلیم اختر: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر صوبہ بھر میں گندم خریداری مہم کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔
سیکرٹری فوڈ سیفٹی پنجاب ڈاکٹر کرن خورشید کے مطابق اب تک 44 ہزار 603 کسان رجسٹرڈ ہو چکے ہیں جبکہ 233 گندم خریداری مراکز پر رجسٹریشن کا عمل بلا تعطل جاری ہے۔
انہوں نے بتایا کہ حکومت کی جانب سے کسانوں کو 6 ارب روپے کا باردانہ مفت فراہم کیا جا رہا ہے۔ کسان اپنے قریبی مراکز پر جا کر شناختی کارڈ اور بینک اکاؤنٹ نمبر کے ساتھ کوائف جمع کرا کر مفت باردانہ حاصل کر سکتے ہیں۔
ڈاکٹر کرن خورشید کے مطابق چھوٹے کسانوں سے گندم کی خریداری کو ترجیح دی جا رہی ہے جبکہ اتوار اور دیگر تعطیلات کے دن بھی خریداری کا عمل جاری رہے گا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ خریدی گئی گندم کی رقم 72 گھنٹوں کے اندر براہ راست کسانوں کے بینک اکاؤنٹس میں منتقل کی جا رہی ہے۔
حکومت نے خریداری مراکز پر شکایات کے ازالے کے لیے سپیشل مانیٹرنگ یونٹ کے عملے کی موجودگی بھی یقینی بنا دی ہے۔