وقاص احمد:پنجاب کے مختلف علاقوں میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے 158 انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کیے، جن کے دوران 23 مبینہ دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا گیا۔
سی ٹی ڈی حکام کے مطابق لاہور اور ساہیوال میں کارروائیوں کے دوران بھارتی خفیہ ایجنسی را سے وابستہ ایک خطرناک دہشت گرد سمیت دیگر ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔
حکام کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت ہدایت اللہ، محمد مجاہد اور دیگر کے ناموں سے ہوئی ہے۔ کارروائیوں کے دوران ملزمان کے قبضے سے دھماکہ خیز مواد، 7 آئی ای ڈیز، 26 ڈیٹونیٹرز اور 48 فٹ فیوز وائر برآمد کی گئی۔
سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان کے خلاف مختلف دفعات کے تحت 22 مقدمات درج کر لیے گئے ہیں، جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔