ویب ڈیسک : ٹی 20 ایشیا کپ کے 12ویں میچ میں بھارت نے عمان کو جیت کیلئے 189 رنز کا ہدف دے دیا۔
ایشیا کپ 2025 کے آخری گروپ میچ میں بھارت نے عمان کے خلاف پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 188 رنز بنائے۔ بھارت کے ابھشیک شرما نے صرف 15 گیندوں پر 38 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی، جس میں 5 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے، جبکہ سنجو سیمسن نے 56 رنز بنائے۔
عمان کے شاہ فیصل سب سے کامیاب بولر رہے، جنہوں نے 2 وکٹیں 23 رنز دے کر حاصل کیں، جبکہ دیگر بولرز نے بھی درمیانی اوورز میں بھارت کی رفتار کو سست کیا، خاص طور پر آخری تین اوورز میں جب بھارت صرف 21 رنز بنا سکا اور صرف ایک چوکا لگا۔
ٹاس جیتنے کے بعد بیٹنگ کا فیصلہ کرتے ہوئے بھارتی کپتان سوریا کمار یادیو کا کہنا تھا کہ ٹیم نے اب تک اس ٹورنامنٹ میں کبھی پہلے بیٹنگ نہیں کی، وہ آج پہلے بیٹنگ کریں گے۔
خیال رہے کہ بھارتی ٹیم ایونٹ میں 2 میچ جیتنے کے بعد پہلے ہی سپر فور میں پہنچ چکی ہے، جبکہ گزشتہ روز سری لنکا نے افغانستان کو 6 وکٹ سے ہرا کر سپر فور کےلیے کوالیفائی کیا تھا۔
سری لنکا کی کامیابی کے ساتھ ایشیا کپ میں سپر فور کی چار ٹیموں کا فیصلہ ہو گیا۔ گروپ اے کی پاکستان، بھارت اور گروپ بی کی سری لنکا اور بنگلا دیش کی ٹیمیں اگلے مرحلے میں مقابلہ کریں گی۔