سٹی 42 : سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک پر بم بنانے کا طریقہ سیکھنےکے مقدمہ میں جرم ثابت ہونے پر دہشتگرد کو سزا سنادی گئی ۔
انسداد دہشتگردی عدالت میں ایڈمن جج منظر علی گل نے مقدمہ کی سماعت کی۔ دورانِ سماعت پراسیکیوشن نے دلائل دیتے ہوئے کہاکہ مجرم حنان عبداللہ فیس بک پر بم بنانے کا طریقہ سیکھ رہا تھا ، مجرم کا فیس بک کے ذریعے دہشتگردوں سے تعلق قائم ہوا ،مجرم کا دہشتگردتنظیم کے افراد سے رابطہ تھا ۔
پراسکیوٹر نے استدعا کی کہ ثبوتوں کو دیکھتے ہوئے مجرم کو سزا کا حکم دیا جائے ۔
انسداد دہشتگردی عدالت نے جرم ثابت ہونے پر دہشتگرد کو سزا کا حکم سنا دیا۔ عدالت کی جانب سے دہشتگرد حنان عبد اللہ کو دو سال چھ ماہ قید کی سزا سنائی گئی، مجرم پر 50 ہزار جرمانہ بھی عائد کیاگیا ہے۔ جج اے ٹی سی نے مجرم کوٹ لکھپت جیل منتقل کرنے کا حکم جاری کر دیا۔
یاد رہے کہ ملزم کیخلاف 2022 میں ایف آئی اے نے مقدمہ درج کیا، ملزم ضمانت پر تھا ، عدالت کی جانب سے سزا کے حکم کے بعد اُسے گرفتار کر لیا گیا۔