( حافظ شہباز علی ) نئے ڈومیسٹککرکٹ سیزن کیلئے ٹیموں کا انتخاب، آئندہ ہفتے حکمت عملی بنائی جائے گی، کرکٹ بورڈ نے صوبائی سینٹرل کنٹریکٹ میں ایلیٹ کیٹیگری شامل کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
نئے ڈومیسٹک کرکٹ سیزن میں کون ہوگا اِن اور کون ہوگا آوٹ؟ اس حوالے سے ٹیموں کا انتخاب کیسے کیا جائے؟ حکمت عملی آئندہ ہفتے بنائی جائے گی۔ انٹر کلب اور انٹر سٹی چیمپئن شپ نہ ہونے کے باعث سلیکشن میں مشکلات کا سامنا ہوگا۔
ذرائع کے مطابق صوبائی کوچز بورڈ آفیشلز کی ہدایت پر گذشتہ ڈومیسٹک کرکٹ سیزن کھیلنے والے کھلاڑیوں کی کار کردگی کی جائزہ رپورٹ تیار کررہے ہیں۔ ٹیموں کے ہیڈ کوچز، ٹرینرز اور معاون کوچز کی مشاورت سے رپورٹ تیار کررہے ہیں۔
بورڈ حکام نے آئندہ صوبائی کنٹریکٹ میں کیٹیگری کا طریقہ کار رائج کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اس سلسلے میں صوبائی سینٹرل کنٹریکٹ میں ایلیٹ کیٹیگری کو شامل کیا جائے گا۔ ڈومیسٹک کرکٹ میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے نوجوان کرکٹرز ایلیٹ کیٹیگری میں شامل ہوں گے۔ ان کھلاڑیوں کو سینٹرل کی طرح خصوصی مراعات دی جائیں گی۔
جو کھلاڑی قومی ٹیم کی نمائندگی کے باوجود سینٹرل کنٹریکٹ میں جگہ نہیں بنا پائے ان کو ایلیٹ کیٹیگری میں شامل کیا جائے گا۔ ایلیٹ کیٹیگری کے کھلاڑیوں کا انتخاب قومی سلیکشن کمیٹی کرے گی جبکہ وائٹ بال کیٹیگری صوبائی سینٹرل کنٹریکٹ کاحصہ رہے گی۔
ذرائع کے مطابق جون کے پہلے ہفتے میں کوچز کی کارکردگی کا جائزہ لے کر ان کی ترقی وتنزلی کا فیصلہ کیا جائے گا، کوچز کی کارکردگی کا جائزہ پی سی بی کرکٹ کمیٹی کی ذیلی کمیٹی کرے گی، صوبائی کھلاڑیوں کا موجودہ معاہدہ 30جون تک ہے۔