عمران یونس:پنجاب کے 9 تعلیمی بورڈز میں مستقل چیئرمین کی تعیناتی کے عمل میں اہم پیش رفت ہوئی ہے۔
محکمہ ہائر ایجوکیشن پنجاب نے تقریباً 3 ماہ قبل ان بورڈز کی چیئرمین کی اسامیوں کے لیے درخواستیں طلب کی تھیں، جن پر 330 امیدواروں نے درخواستیں جمع کرائیں۔
اہلیت کے معیار اور مارکنگ میٹرکس کی بنیاد پر ان 330 درخواست گزاروں میں سے 100 امیدوار اہل قرار پائے، جبکہ باقی امیدوار نااہل قرار دیے گئے۔ ان امیدواروں کو جنہوں نے تحفظات ظاہر کیے، اپیل کرنے کا حق بھی دیا گیا تھا۔
سکروٹنی کمیٹی نے 100 اہل امیدواروں میں سے 70 کے انٹرویوز مکمل کر لیے ہیں، جبکہ باقی امیدواروں کے انٹرویوز عید کے بعد شیڈول کیے جائیں گے۔
یہ یاد رہے کہ پنجاب کے یہ 9 تعلیمی بورڈز ایک طویل عرصے سے مستقل چیئرمین کے بغیر کام کر رہے تھے، اور نئی تعیناتیاں اس خلا کو دور کرنے کے لیے کی جا رہی ہیں۔